پشاور: پولیس لائنز خودکش دھماکہ کیلئے رقم بھارتی ایجنٹ نے دی، سنسنی خیز انکشافات

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے والے خودکش حملہ آور سے متعلق سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔

مبینہ خودکش حملہ آور قبائلی ضلع مہمند کا رہائشی ہے جو اس سے قبل 2 افراد کی جانیں بھی لے چکا تھا۔ 2 افراد کے قتل کی پاداش میں جرگہ نے ملزم کا گھر مسمار کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ملزم بعد ازاں افغانستان فرار ہو گیا تھا۔

پولیس لائنز دھماکہ کی تحقیقات کرنے والی ٹیموں کی جانب سے سانحہ سے متعلق تحقیقات میں مزید پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق خودکش دھماکہ کرنے والے کا نام ایاز مہمند تھا۔ حملہ آور نے اس سے قبل غلنئی کرکٹ گرائونڈ مہمند میں 2 افراد کو قتل کر دیا تھا جس کے بعد مقامی جرگہ نے ایاز مہمند کے گھر کو مسمار کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔ جرگہ کے فیصلہ کی روشنی میں سول انتظامیہ اور ایف سی نے اس کے گھر کو مسمار کردیا تھا۔ اس دوران ایاز افغانستان فرار ہو گیا تھا جس کے بعد امکان ہے کہ ایاز کے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے روابط استوار ہو گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق ایاز کا بھائی عربستان حلیم زئی مہمند کا رہائشی ہے اور وہ کالعدم تنظیم کا سرگرم کارکن تھا جسے 2012 میں سکیورٹی فورسز نے حراست میں لیا تھا تاہم سال 2018 میں ملزم کو عدالت نے بری کر دیا تھا۔

ادھر پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس لائنز خود کش حملہ کا ماسٹر مائنڈ مکرم عرف سربکف ہے۔ اس طرح حملہ کی منصوبہ بندی اور فنڈنگ بھی بیرون ملک سے کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس لائنز خود کش حملہ میں 8 افراد نے سہولت کاری کی جبکہ حملہ میں استعمال کی گئی موٹر سائیکل کے آخری مالک کا بھی پتہ لگا لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دھماکہ کیلئے افغانستان میں مقیم بشیر نامی شخص نے رقم فراہم کی ہے جو بھارت کی خفیہ ایجنسی کیلئے کام کرتا ہے، اسی طرح بارودی مواد و یگر سامان فراہم کرنے والے ٹی ٹی پی مہمند شاخ کے اہم کمانڈر مکمل خان المعروف سربکف مہمند اور عمر مکرم خراسانی اور دیگر ساتھی تھے۔

اس حوالے سے تصدیق کیلئے سی سی پی او پشاور محمد اعجاز اور ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی سے رابطہ کیا گیا تاہم ان کا موقف نہیں مل سکا۔

واضح رہے کہ پشاور کی پولیس لائنز مسجد میں 30 جنوری کو ہونے والے خودکش حملے میں 100 ے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں