مالی: سڑک کنارے بم دھماکے میں اقوام متحدہ امن مشن کے 3 اہلکار ہلاک

بماکو (ڈیلی اردو) وسطی مالی میں سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے اقوام متحدہ کے امن مشن دستے کے تین اہلکار ہلاک اور پانچ شدید زخمی ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مالی میں اقوام متحدہ کے امن مشن (ایم آئی این یو ایس ایم اے) نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دیسی ساختہ بم پھٹنے کے باعث قافلے کے تین اہلکار ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوگئے ہیں، بیان میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق مالی 2012 میں ایک شمالی علیحدگی پسند تحریک کے طور پر شروع ہونے والے تنازعے سے دوچار ہے، برکینا فاسو سمیت ہمسایہ ممالک میں لڑائی پھیل چکی ہے اور خطے میں سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال نے انسانی بحران کو جنم دیا ہے۔

مالی میں 2013 میں تشکیل دیا گیا اقوام متحدہ کا امن مشن 13,500 سے زیادہ فوجی اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ عالمی ادارے کے سب سے بڑے امن دستوں میں سے ایک ہے لیکن صرف سڑک کے کنارے نصب بموں کی وجہ سے اسکے کم از کم 281 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ مالی میں اگست 2020 میں جمہوری طور پر منتخب صدر ابراہیم بوبکر کیٹا کو مبینہ بدعنوانی اور بگڑتی سکیورٹی کے خلاف مہینوں کے بڑے پیمانے پر احتجاج کے بعد ایک فوجی بغاوت میں ہٹا دیا گیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں