ایتھنز (ڈیلی اردو/اے ایف پی/ڈی پی اے) یورپی یونین اپنے رکن ممالک میں روسی جاسوسوں کی آمد روکنے کے لیے اب تک کے اقدامات مزید سخت کرنا چاہتی ہے۔ داخلہ امور کی یورپی کمشنر اِلوا جوہانسن کے مطابق یونین کو اپنے ویزا ضوابط اور بارڈر سکیورٹی دونوں سخت کرنا ہوں گے۔
یونانی دارالحکومت ایتھنز سے جمعہ چوبیس فروری کے روز، جب یوکرین پر روسی فوجی حملے کا ٹھیک ایک سال پورا ہو گیا، یورپی یونین کی داخلہ امور اور اندرونی سلامتی کی نگران کمشنر اِلوا جوہانسن نے کہا کہ روس اس لیے اپنے جاسوسوں کو یونین کے رکن ممالک میں بھیجتا ہے کہ روس کے صدر پوٹن اس یورپی بلاک سے خوف زدہ ہیں اور اسے تباہ کر دینے کے درپے ہیں۔
یوکرین میں روسی فوجی مداخلت کا ایک سال پورا ہونے کے موقع پر ایتھنز میں ہونے والی ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یورپی یونین کی داخلی سلامتی کی نگران کمشنر نے کہا، ’’یورپی یونین کو ویزے کی درخواستوں کی جانچ پڑتال کے عمل اور اپنی بیرونی سرحدوں کی نگرانی میں اضافے کی اشد ضرورت ہے۔‘‘
شینگن انفارمیشن سسٹم میں مزید بہتری
یورپی یونین کے زیر اہتمام متعارف کردہ اور مجموعی طور پر 27 رکن اور غیر رکن یورپی ممالک پر مشتمل شینگن زون کے شینگن انفارمیشن سسٹم (SIS) کا ایک نیا اپ ڈیٹ اسی سال سات مارچ سے نافذالعمل ہو جائے گا۔
اس پس منظر میں یونین کی کمشنر اِلوا جوہانسن نے کہا، ”اس وقت جتنے بھی غیر ملکی یورپی یونین کے کسی رکن ملک کا ویزا لے کر اس بلاک میں داخل ہوتے ہیں، ان میں سے صرف تقریباﹰ نصف تعداد ہی کی شینگن انفارمیشن سسٹم کے ذریعے چیکنگ ممکن ہوتی ہے۔ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ یورپی یونین میں ہر سال جتنے بھی روسی شہری داخل ہوتے ہیں، ان کی ایک بڑی تعداد کی ایس آئی ایس کے ذریعے چیکنگ ہوتی ہی نہیں۔‘‘
400 روسی جاسوسوں کی ملک بدری
اِلوا جوہانسن نے ایتھنز منعقدہ کانفرنس کے شرکاء کو بتایا کہ یورپی یونین کے رکن ممالک کا ویزا جاری کرتے ہوئے درخواست دہندگان کے فنگر پرنٹس اور دیگر بائیو میٹرک ڈیٹا اسی لیے لیے جاتے ہیں کہ جرائم پیشہ ایجنٹوں کی طرف سے ممکنہ طور پر جعلی پاسپورٹوں کے استعمال کا پتہ چلایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس یورپی یونین سے تقریباﹰ 400 روسی جاسوسوں کو ملک بدر کیا گیا۔ جوہانسن کے الفاظ میں، ”ہم (روسی صدر) پوٹن کے لیے اس لیے بہت بڑا خطرہ ہیں کہ ہم جمہوریت ہیں۔‘‘
یورپی یونین کے ایک فیصلے کے مطابق مشرقی یورپی ممالک بلغاریہ اور رومانیہ کو بھی اسی سال یونین کے شینگن زون میں شامل کر لیا جائے گا تا کہ یہ دونوں رکن ممالک بھی اس زون میں پولیس کی سطح پر معلومات کے تبادلے کے آن لائن نظام کا حصہ بن سکیں۔