راولپنڈی (ڈیلی اردو) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پاک فوج کی جنگ جاری رہے گی۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک افغان بارڈر پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا، آرمی چیف نے وانا میں یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف کو فارمیشن ہیڈ کواٹررز میں تربیت اور سکیورٹی معاملات اور نئے بننے والے اضلاع میں ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے فارمیشن کی انسداد دہشتگردی کی کوششوں کو سراہا، انہوں نے فارمیشنز کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے بہتر سکیورٹی فراہم کرنے پر کارکردگی کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کام، ضم ہونے والے اضلاع میں دیرپا امن، استحکام اور ترقی کیلئے ضروری ہیں، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پاک فوج کی جنگ جاری رہے گی۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستان میں مکمل امن انشاء اللہ جلد قائم ہو گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ریاست کے مختلف اداروں کے درمیان ہم آہنگی پر بھی زور دیا، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عوام اور اداروں میں ہم آہنگی بہت ضروری ہے۔