واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکا نے یورپ میں متعدد حملوں کی منصوبہ سازی کرنے والے داعش کے سینئر کمانڈر خالد ایاز احمد الجبوری کو شام میں نامعلوم مقام پر مار ڈالا۔
امریکی مرکزی کمان کی فورسز نے پیر کے روز شام میں ایک فوجی کارروائی کی؛ جس میں داعش کے سینیئر رہنما خالد ایازاحمد الجبوری ہلاک ہو گئے۔
خالد ایازاحمد الجبوری نے یورپ میں داعش کے متعدد حملوں کی منصوبہ سازی کی تھی اور انہوں نے گروپ کے اندر قیادت کا ایک ڈھانچہ بھی کھڑا کر دیا تھا۔ pic.twitter.com/GbFTFxDHP2
— U.S. Central Command – URDU (@CENTCOMUrdu) April 4, 2023
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی سینٹرل کمان (سینٹ کوم) نے منگل کے روز بتایا کہ امریکا نے پیر کے روز شام میں فوجی کارروائی کی جس میں داعش کے سینئر رہنما خالد ایازاحمد الجبوری ہلاک ہو گئے۔ الجبوری نے یورپ میں داعش کے متعدد حملوں کی منصوبہ سازی کی تھی اور انہوں نے گروپ کے اندر قیادت کا ڈھانچہ بھی کھڑا کر دیا تھا۔
سینٹ کوم نے واضح نہیں کیا کہ امریکی فورسز نے کس مقام پر حملہ کیا لیکن اس بات کی تصدیق کی کہ اس کارروائی میں کوئی شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ 2019 میں داعش کو شام میں اس کے آخری ٹھکانے سے نکال باہر کیا گیا تھا۔
سینٹ کوم کے سربراہ جنرل مائیکل کوریلا نے کہا کہ حالانکہ یہ گروپ اب پہلے کی طرح طاقت ور نہیں رہ گیا ہے لیکن اس نےمشرق وسطیٰ کے باہر بھی حملے کرنے کی خواہش رکھتے ہوئے خطے کے اندر اپنی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ الجبوری کی ہلاکت سے بیرونی حملوں کا منصوبہ تیار کرنے کی تنظیم کی صلاحیت عارضی طور پر متاثر ہو گی۔