تعلقات کی بحالی: ایران کا اعلیٰ سطحی وفد رواں ہفتے سعودی عرب پہنچے گا

تہران + ریاض (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) سعودی عرب اور ایران کے مابین تعلقات کا نیا دور شروع ہوچکا ہے۔ ایران اپنا سفارتی وفد سعودی عرب بھیجے گا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کیلئے دونوں ممالک کے مابین پیشرفت جاری ہے۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے تکنیکی وفد تہران بھیجا گیا تھا۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کا وفد بھی سعودی عرب پہنچے گا جو رواں ہفتے جمعہ کے روز تک ریاض کا دورہ کرے گا۔ وفد کو سعودی عرب بھیجنے کا مقصد دونوں ممالک کے مابین جذبۂ خیر سگالی کو فروغ دینا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین وفود کا تبادلہ سفارتی تعلقات کی بحالی کی راہیں ہموار کرنے کی جانب ایک اور مثبت اقدام کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

ایرانی ڈپٹی وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے سفارتی وفد جمعہ تک سعودی عرب بھیجنے کے فیصلے پر غور کیا جارہا ہے۔ 2 الگ الگ وفود سعودی عرب کے مختلف شہروں میں بھیجے جانے کا فیصلہ ہوچکا ہے۔

قبل ازیں سعودی عرب اور ایران کے مابین سفارتی تعلقات کی بحالی کا فیصلہ دونوں ممالک کے مابین 2016ء میں تعلقات کے انقطاع کے بعد ایک اہم پیشرفت کے طور پر سامنے آیا۔ ثالثی کے فرائض چین نے سرانجام دئیے تھے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں