خواتین پر پابندیاں عائد کرنا ہمارا اندرونی مسئلہ ہے اقوام متحدہ ہمارے فیصلوں کا احترام کرے، افغان حکومت

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان حکومت نے کہا ہے کہ خواتین پر پابندیاں عائد کرنا ہمارا اندرونی مسئلہ ہے اقوام متحدہ ہمارے فیصلوں کا احترام کرے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا کہ ہم اقوام متحدہ کے لیے مشکلات پیدا کرنا نہیں چاہتے اور یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ افغانستان کے اندرونی معاملات کسی کے لیے مسائل پیدا نہیں کریں گے اس لیے ہمارے اندرونی فیصلوں کا احترام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین پر پابندی کے فیصلے میں کوئی تفریق نہیں ہے لیکن اس کے برعکس مذہبی اور ثقافتی مفادات کو نظر میں رکھتے ہوئے ہم لوگوں کے تمام حقوق کے لیے پر عزم ہیں۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغانستان کے پاس اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کی صلاحیت موجود ہے اور ملک کو درپیش مسائل اقتصادی اور بینکنگ سسٹم پر عائد کی گئی پابندیوں کی وجہ سے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے اقوام متحدہ کے رکن ممالک اثاثے منجمد کرنے، بینکنگ، سفری پابندیوں اور دیگر پابندیوں کے مسائل حل کریں تاکہ افغانستان اقتصادی، سیاسی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں ترقی کر سکے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں