سعودی اور یمن حوثی باغیوں کے درمیان امن مذاکرات

صنعا + ریاض (ڈیلی اردو/ڈی پی اے/رائٹرز) ایک سعودی وفد جمعرات کو ایران نواز حوثی باغیوں سے بات چیت کے بعد یمنی دارالحکومت صنعا سے روانہ ہو گیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ فریقین کے درمیان گفتگو میں پیش رفت ہوئی ہے۔

رواں برس مارچ میں چینی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان مفاہمت اور تعلقات کی بحالی کے معاہدے کے بعد امید پیدا ہوئی تھی کہ ان دونوں علاقائی حریفوں کے درمیان تعلقات کی بہتری کا مثبت اثر شام اور یمن کے تنازعات پر بھی پڑے گا۔

کچھ روز قبل یمن میں تعینات سعودی سفیر نے بھی دارالحکومت صنعا کا دورہ کیا تھا۔ تاہم اب یہ مذاکرات کا نیا دور فریقین کے درمیان موجود باقی ماندہ اختلافات کے حل کی کوششوں کا حصہ ہے۔

یہ بات اہم ہے کہ سعودی عرب سن 2015 سے اس تنازعے میں شامل ہے اور وہ یمن کی تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کرتے ہوئے عرب عسکری اتحاد کی مدد سے ایران نواز حوثی باغیوں کے خلاف عسکری کارروائیوں میں مصروف رہا ہے۔ اس وقت فریقین کی کوشش ہے کہ مستقبل فائربندی پر اتفاق ممکن ہو۔ کئی برسوں سے جاری اس لڑائی اور خانہ جنگی میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ یہ ملک بدترین غربت اور بھوک کا شکار ہو گیا ہے۔

یمن میں اس وقت اقوام متحدہ کی ثالثی میں طے پانے والی عارضی فائربندی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے، تاہم اس فائربندی کا وقت ختم ہونے سے پہلے سعودی عرب کی کوشش ہے کہ یہاں مستقل فائربندی نافذ ہو۔

ایک حوثی عہدیدار نے بتایا کہ مذاکرات بہتر سمت میں گامزن ہیں اور فریقین کی کوشش ہے کہ تمام تر اختلافی امور کو حل کر لیا جائے۔

یہ بات اہم ہے کہ سعودی عرب اور حوثی باغیوں کے درمیان یہ مذاکرات عمان کی ثالثی میں ہو رہے ہیں، جب کہ ان مذاکرات میں صنعا کے ہوائی اڈے سمیت حوثی باغیوں کے زیرقبضہ تمام بندرگاہیں کھولنے، عوامی شعبے میں کام کرنے والوں کو تنخواہیں دینے، تعمیر نو کی کوششوں اور غیرملکی افواج کے یمن سے انخلا جیسے موضوعات پر گفتگو جاری ہے۔

دو یمنی حکومتی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ فریقین اختلاف کے خاتمے کے لیے جاری مذاکرات کے تناظر میں عارضی فائربندی کی مدت بڑھا سکتے ہیں۔

کہا جا رہا ہے کہ اس گفتگو میں سب سے اہم موضوع سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ہیں۔ حوثی باغیوں کو اصرار ہے کہ مسلح افواج کو اس میں شامل کیا جائے اور اس کے لیے تیل کی برآمد سے ہونے والی محصولات کو استعمال کیا جائے۔ اس کے علاوہ یمن سے غیرملکی افواج کے انخلا کے نظام الاوقات پر بھی فریقین اتفاق رائے کی کوششوں میں ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں