میکسیکو: سوئمنگ پول میں فائرنگ سے7 افراد ہلاک

میکسیکو سٹی (ڈیلی اردو) شمالی امریکا کے ملک میکسیکو میں مسلح افراد نے سوئمنگ پول میں فائرنگ کرکے 7 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ مقامی وقت شام ساڑھے چار بجے کے قریب پیش آیا جہاں ریزورٹ میں چھٹیاں منانے کیلئے آنیوالے افراد پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا، اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ مرنے والوں میں ایک سات سالہ بچہ بھی شامل ہے۔

اس حوالے سے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے قریب موجود دکانوں میں بھی توڑ پھوڑ بھی کی اور سوئمنگ پول کے سکیورٹی کیمروں اور مانیٹر کو نقصان پہنچایا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی تو سوئمنگ پول خون کے باعث سرخ ہو رہا تھا اور 7 افراد کی لاشیں سوئمنگ پول کے پاس موجود تھیں۔ واقعے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے جسے تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس کی جانب سے ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

یاد رہے گزشتہ برس نومبر میں سیلایا کے شہر گواناجواتو میں ایک پولیس سٹیشن میں فائرنگ کے تبادلے میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں