صنعاء (ڈیلی اردو/آئی این پی) یمن نے انسانی ہمدردی کے ناطے 77 سعودی اتحاد کے قیدیوں کو رہا کردیا۔
یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کی قیدیوں سے متعلق کمیٹی نے انسانی ہمدردی کے ناطے 77 سعودی اتحاد کے قیدیوں کو رہا کردیا ہے۔
المسیرہ ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق یمن کی قومی سالویشن حکومت کی قیدیوں سے متعلق کمیٹی کے صدر عبدالقادر المرتضی نے کہا ہے کہ تحریک انصاراللہ کے سیکریٹری جنرل عبدالملک بدرالدین الحوثی کے فرمان پر سعودی اتحاد کے 77 قیدیوں کو رہا کردیا گیا ہے جن میں بیمار اور سن رسیدہ قیدی بھی شامل ہیں۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سعودی اتحاد اس اقدام کا مثبت جواب دیتے ہوئے یمن کے قیدیوں کو جلد رہا کرے گا۔صنعا اور ریاض کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت مجموعی طور پر نو سو قیدیوں کے تبادلہ کا آغاز گزشتہ جمعے سے شروع ہوگیا۔
قیدیوں کے تبادلے کو اس معاہدے کے فریقین کے درمیان مستقل جنگ بندی اور جنگ کے خاتمے کے لیے ٹھوس مذاکرات کا نقطہ آغاز قرار دیا جارہا ہے۔ چند روز پہلے سعودی عرب کے نمائندہ وفد اور یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے درمیان مذاکرات کے بعد سے اب تک سیکڑوں قیدیوں کو رہا بھی کیا جاچکا ہے۔