اسرائیلی فورسز کا نابلس میں چھاپہ، مزید تین فلسطینی ہلاک

تل ابیب (ڈیلی اردو/اے ایف پی) مغربی کنارے کے علاقے میں جمعے کے روز بھی تین فلسطینیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ یہ ہلاکتیں اقوام متحدہ کی جانب سے ایک روز قبل جاری کیے گئے اس بیان کے باوجود ہوئیں جس میں اسرائیل فلسطین تنازع میں نئے تشدد کو روکنے کے لیے ایک “بامعنی سیاسی عمل شروع کرنے پر زور دیا گیا تھا۔

اسرائیلی اور فلسطینی حکام نے بتایا کہ شمالی مغربی کنارے کے شہر نابلس پر اسرائیلی فوج کے چھاپے کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ وہ دو افراد کو گرفتار کرنے کے لیے نابلوس میں داخل ہوئی تھی جو اس ماہ کے شروع میں مغربی کنارے کی ایک بستی میں اسرائیلی پولیس پر فائرنگ کے واقعے میں مطلوب تھے جبکہ اس فائرنگ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

عینی شاہدین نے اے ایف پی کو بتایا کہ اسرائیلی فوجی جمعے کی صبح نابلس میں داخل ہوئے اور انہوں نے مسلح فلسطینی گروپوں کے گڑھ اولڈ سٹی میں ایک گھر کو گھیرے میں لے لیا، اور اس میں موجود لوگوں کو اندر ہی رہنے کو کہا۔

فلسطینی وزارت صحت نے نابلس پر (اسرائیلی) فورسز کے ہاتھوں دو فلسطینیوں کی ہلاکت اور تین کے زخمی ہونے کا اعلان کیا۔ اسرائیلی فوج نے اطلاع دی ہے کہ ان کا کوئی فوجی زخمی نہیں ہوا۔

فلسطینی وزارت صحت نے ایک بیان میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت 34 سالہ خیری شاہین اور 32 سالہ حمزہ مقبول کے طور پر کی ہے۔

بائیں بازو کے پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین (پی ایف ایل پی) کے مسلح ونگ کے ابو علی مصطفیٰ بریگیڈز نے دعویٰ کیا کہ شاہین اور مقبول اس کے رکن تھے۔

جمعے کا چھاپہ اس علاقے میں تشدد کی بڑھتی ہوئی لہر کے دوران ہوا۔

جمعرات کو نابلس کے قریب ایک فلسطینی حملہ آور نے ایک اسرائیلی فوجی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ حملہ آور کو گولی مار دی گئی ہے تاہم اس کی حالت غیر واضح ہے۔

فلسطینی اسلامی تحریک حماس نے اس شوٹنگ کا دعویٰ کرتے ہوئے اسے چند روز قبل جنین پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے کا “ردعمل” قرار دیا۔

‘خونریزی کا چکر’

اسرائیل نے پیر کے روز مغربی کنارے میں برسوں میں اپنا سب سے بڑا آپریشن شروع کیا تھا۔

48 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اور بدھ کو ختم ہونے والے جینین پناہ گزین کیمپ پر بڑے پیمانے پر چھاپے کے دوران بارہ فلسطینی اور ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہو ئے تھے۔

جمعرات کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوتیرس نے نیویارک میں صحافیوں کو بتایا کہ “اسرائیلی فورسز کی جانب سے ضرورت سے زیادہ طاقت کا استعمال کیا گیا”۔

انہوں نے مزید کہا، “اسرائیل کو “اپنی سلامتی کے بارے میں جائز خدشات” ہیں، “لیکن تشدد میں اضافہ اس کا جواب نہیں ہے۔ یہ محض بنیاد پرستی کو تقویت دیتا ہے اور تشدد اور خونریزی کے ایک گہرے چکر کی طرف لے جاتا ہے۔”

گوتیریس نے کہا کہ فلسطینی عوام کی امید کو ایک بامعنی سیاسی عمل میں بحال کرنا، جس سے دو ریاستی حل اور قبضے کا خاتمہ ہو، اسرائیل کی اپنی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔

کچھ عرب ممالک نے اس حملے کے بعد جنین کیمپ کے لیے امداد کا اعلان کیا ہے جس میں سڑکوں پر ہوائی حملے اور بکتر بند بلڈوزر شامل تھے۔

الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون نے اسرائیل کے اس حملے کے بعد فلسطینی شہر جنین کی تعمیر نو میں مدد کے لیے 30 ملین ڈالر عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے جمعرات کو مقامی میڈیا کے ذریعے رپورٹ کیے گئے ایک بیان میں یہ اعلان کیا

متحدہ عرب امارات نے جس نے 2020 میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو بحال کیا تھا ، بدھ کو اعلان کیا کہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی یعنی UNRWA کو 15 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ویم نے کہا کہ فنڈز کا مقصد “حالیہ اسرائیلی حملوں کے بعد نقصانات کی بحالی ہے جن سے ہزاروں افراد متاثر ہوئےہیں۔

اس سے پہلے اسی دن، اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان پر ایک جوابی حملہ کیا۔ وہاں سے داغا گیا ایک اینٹی ٹینک میزائل دونوں دشمنوں کے درمیان سرحدی علاقے میں پھٹ گیا۔

سرکاری ذرائع سے مرتب کیے گئے اے ایف پی کے اعداد و شمار کے مطابق، اس سال اسرائیل-فلسطین تنازعہ سے منسلک تشدد میں کم از کم 192 فلسطینی، 27 اسرائیلی، ایک یوکرینی اور ایک اطالوی شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں