لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کیلئے صوبہ بھر میں شرپسندوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کر لیا، سی ٹی ڈی کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے لئے ہدایات جاری کر دی گئیں۔
لاہور8جولائی:چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس۔ممکنہ سیلاب، مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کا جائزہ۔ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام ا نتظامات مکمل رکھے جائیں۔فلڈ ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، pic.twitter.com/uQznG1KU2c
— Chief Secretary Punjab (@CS_Punjab) July 8, 2023
وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کے زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں 4 گھنٹے طویل اجلاس ہوا، اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی پلان اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔
محسن نقوی نے پنجاب میں فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نقل و حرکت پر پابندی بھی عائد کر دی، پنجاب بھر میں سرچ اینڈ سویپ اور کومبنگ آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا، صوبہ بھر میں 280 ہاٹ سپاٹ کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔
آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو محرم الحرام کے دوران قیام امن کے لئے ٹاسک دے دیا گیا، امن کمیٹیوں کو فعال کرنے کے ساتھ ساتھ محرم الحرام میں قیام امن کے لئے تمام اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن عامہ کے قیام کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، چیف سیکرٹری نے دریائے چناب اور اس سے منسلک ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کی مکمل مانیٹرنگ کا حکم دیا، چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام ا نتظامات مکمل رکھے جائیں۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، غفلت برداشت نہیں، بارشوں کے دوران تمام مشینری اورڈی واٹرنگ پمپس کو مکمل استعداد پر فعال رکھا جائے۔
اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، انٹیلی جنس اداروں، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، سیکرٹری بلدیات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی، تمام ڈویژنل کمشنرز، آر پی اوز، ڈی پی اوز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔