پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) محرم الحرام میں امن وامان کی صورتحال کے باعث پشاور سمیت صوبہ خیبرپختونخوا میں ساڑھے چار ہزار امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کو حساس اور حساس ترین قرار دیدیا گیا ہے۔ حساس اور حساس ترین عبادت گاہوں پر پولیس ،ایف سی، فرنٹیئر کور کی سیکورٹی تعینات کی جائیگی، امن وامان کی صورتحال کے باعث حساس اور حساس ترین عبادت گاہوں پر سیکورٹی کے سخت ترین اقدامات کی ہدایات کی گئی ہیں۔
محرم الحرام کیلئے سیکورٹی پلان فائنل کردیا گیا ہے محکمہ داخلہ ذرائع کے مطابق پشاور، کوہاٹ، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، کرم (پاراچنار)، اورکرزئی، ٹانک، بنوں، نوشہرہ، مردان، مانسہرہ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں حساس اور حساس ترین عبادت گاہوں کی فہرستیں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز کو ارسال کردی گئی ہیں۔ پشاور میں ذرائع کے مطابق اندرون شہر کے علاوہ جی ٹی روڈ، حیات آباد اور پشاور کینٹ میں مختلف عبادت گاہوں کو حساس اور حساس ترین قرار دیا جا رہاہے۔
محرم الحرام میں سیکورٹی صورتحال کے باعث پشاور سمیت صوبے کے گیارہ اضلاع کو حساس اور حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔ تمام اضلاع کیلئے علیحدہ علیحدہ طور پر سیکورٹی پلان جاری کیا گیا ہے۔ امن وامان کی صورتحال کے باعث حساس اور حساس ترین عبادت گاہوں میں پشاور کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔