یوکرین کے صدر زیلنسکی پر قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں خاتون گرفتار

کییف + ماسکو (ڈیلی اردو/آر ٹی) یوکرین کی سیکیورٹی سروس کا کہنا ہے کہ روس کی مدد کرنے والی ایک مخبر کو گرفتار کیا گیا ہے جس نے صدر ولودومیر زیلنسکی پر حملے کا منصوبہ بنایا تھا۔

سیکیورٹی سروس کے مطابق گرفتار عورت صدر زیلنسکی کے سیلاب سے متاثرہ علاقے کے دورے کی تفصیلات جمع کر رہی تھی۔

یوکرینی ادارے نے عورت کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ فون میسجز اور ہاتھ سے لکھے گئے نوٹس بھی قبضے میں لیے جن میں فوجی نقل و حرکت کی تفصیلات تھیں۔

زیلنسکی نے آج اپنے ٹیلی گرام پیغام میں کہا کہ ایس بی یو کے سربراہ نے انہیں غداروں کے خلاف کارروائی سے آگاہ کیا ہے۔

سیکیورٹی سروس کے سربراہ نے کہا کہ یوکرین کو وقت پر منصوبے کا پتا چل گیا اور صدر کے دورے کیلئے اضافی سیکیورٹی اقدامات کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ مخبر روس کو میکولائف میں بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیلئے تفصیلات دے رہی تھی۔

گرفتار ملزمہ نے الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز اور ہتھیاروں کے گوداموں کے مقامات جاننے کی کوشش کی تھی۔

سیکیورٹی سروس ایس بی یو کا کہنا ہے کہ اس کے افسران نے عورت کی نگرانی کی تاکہ اس کے روسی ہینڈلرز اور مشن کے متعلق مزید معلومات مل سکیں۔

سیکیورٹی سروس نے کہا کہ خاتون کو روس کی خفیہ ایجنسی کو انٹیلیجنس فراہم کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔

ملزمہ میکولائف کے چھوٹے قصبے اوچاکیف میں رہتی تھی اور ملٹری بیس کے اندر واقع ایک اسٹور میں کام کرتی تھی۔

اس پر الزام ہے کہ اس نے ملٹری بیس کے اندر کی تصاویر لیں اور ذاتی رابطوں کے ذریعے علاقے کی معلومات حاصل کیں۔ اگر ملزمہ پر الزام ثابت ہوگیا تو اسے 12 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

خیال رہے کہ زیلنسکی نے جون میں میکولائف علاقے کا دورہ کیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں