کرم کے علاقے صدہ میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ، دو ایف سی اہلکار ہلاک، ایک زخمی

اسلام آباد (ش ح ط) ‏صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم میں دہشت گردوں کے حملے میں سیکورٹی فورسز کے دو اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

سرکاری ذرائع نے ڈیلی اردو کو بتایا کہ یہ حملہ اتوار کی شب لوئر کرم کے علاقے صدہ میں پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے مزرینہ میں قائم سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جس سے دو ایف سی اہلکار ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق صدہ کے علاقے مزرینہ میں رات گئے دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور (ایف سی) چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔

ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت لانس نائیک ولید خان اور سپاہی احسان اللہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ سپاہی آمین زخمی ہوگیا۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

ترجمان نے دعویٰ کیا ہےکہ حملے میں 5 فوجی اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوئے جبکہ پوسٹ میں موجود سامان کو بھی لوٹ لیا گیا۔ جسمیں عدد تھری جی گن، ایک عدد ایل ایم جی گن، ایک موبائل فون اور ایک نائٹ ویژن کیمرہ سمیت بڑی تعداد میں مختلف نوعیت کے گولہ بارود او کارتوس شامل ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں