شام میں چیک پوسٹ پر شدت پسندوں کا حملہ، 11 فوجی ہلاک، 20 زخمی

دمشق (ڈیلی اردو) شام میں شدت پسندوں نے شامی فوجیوں کی چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 11 فوجی ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔

خبر ایجنسی کے مطابق شام کے صوبے ادلب کے جنوب میں شامی فوج پر حملہ کیا گیا، شدت پسندوں نے پہلے بڑا دھماکا کیا اور اس کے بعد سرکاری فورسز کی چیک پوسٹ پر دھاوا بول دیا۔

برطانیہ میں قائم انسانی حقوق مبصر گروپ برائے شام کا کہنا ہے کہ القاعدہ کی ذیلی تنظیم انصارالتوحید نامی گروپ نے حملہ کیا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل روس اور شام کے لڑاکا طیاروں نے شمال مغربی صوبے ادلب اور حلب میں فضائی حملے کرکے متعدد جنگجوؤں کو ہلاک کیا تھا۔

روس اور حزب اختلاف کے حامی جنگجو ترکیہ کی ثالثی میں طے شدہ جنگ بندی کے معاہدے پر 2020ء سے عمل پیرا ہیں لیکن اس کے باوجود شام کے شمال مغربی علاقے میں وقفے وقفے سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

خیال رہے کہ شام کی جنگ میں اب تک 5 لاکھ سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ اس دوران لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں