22

اسلام آباد: نو مسلم بہنوں کی عدالت سے تحفظ فراہمی کی درخواست، سماعت آج ہوگی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والی نو مسلم دو بہنوں کی جانب سے تحفظ فراہم کرنے کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت کیلئے مقرر کردی۔

تفصیلات کے مطابق ہندو مذہب چھوڑ کر اسلام قبول کرنے والی گھوٹکی کی دو بہنوں نے تحفظ کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے، درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ ہمیں ہراساں کیا جارہا ہے، جان کو بھی خطرہ ہے لہٰذا حکومت سیکیورٹی فراہم کرے۔

عدالت نے درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس آج درخواست پر سماعت کریں گے، درخواست میں وزارت داخلہ اور وزیراعلیٰ سندھ کے علاوہ آئی جی پنجاب، سندھ اور اسلام آباد کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میڈیا میں ان بہنوں سے متعلق غلط پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، جس کے سبب دونوں بہنوں اور ان کے شوہروں کی جان کو خطرات لاحق ہیں۔

اسلام قبول کرنے سے متعلق ان کا کہنا ہے کہ ہم دونوں بہنیں کافی عرصے سے اسلامی تعلیمات سے متاثر تھیں، اور اہل خانہ کے خوف کے باعث اسلام قبول کرنے کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا۔

درخواست میں دونوں بہنوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ ہم پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں اسلام زور زبردستی کی بجائے اپنی مرضی سے قبول کیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں