ہنگو میں دوآبہ پولیس اسٹیشن اور مسجد پر دو خودکش حملے، 5 افراد ہلاک، متعدد زخمی

پشاور (ڈیلی اردو/بی بی سی ) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر ہنگو میں دوآبہ تھانے کی مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے میں 4 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔

ہنگو میں تھانہ دوآبہ کے ایس ایچ او شابراز خان کے مطابق دھماکہ نمازِ جمعہ کے آخری خطبے کے دوران ہوا جب مسجد میں 30 سے 40 افراد موجود تھے۔

ہنگو کے ڈپٹی کمشنر فضل اکبر خان کے مطابق تھانہ دوآبہ کو دو خودکش حملہ آوروں نے نشانہ بنانے کی کوشش کی اور پہلا دھماکہ تھانے کے باہر ہوا جس کی آواز سن کر نمازیوں کی بڑی تعداد مسجد سے نکل گئی اور جب دوسرے حملہ آور نے مسجد کے اندر دھماکہ کیا تو جانی نقصان کم ہوا۔

مسجد کے اندر ہونے والے دھماکے کی شدت سے عمارت کی چھت گر گئی اور اس کے نیچے متعدد افراد دب گئے جنھیں نکالنے کے لیے ریسکیو 1122 نے آپریشن کیا۔

فضل اکبر خان کے مطابق اب ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور ملبے سے چار لاشیں اور 12 زخمیوں کو نکالا گیا ہے جنھیں ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

نگران وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کے مطابق ہنگو میں پولیس کی بروقت کارروائی سے زیادہ تر نمازی محفوظ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑی میں سوار دو خودکش حملہ آور تھانے میں داخل ہونے کے لیے پہنچے تھے اور ڈیوٹی پرموجود پولیس اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور مسجد سے باہر ہلاک کر دیا گیا۔

وزیرِ اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے تاہم فائرنگ کی آواز سن کر بیشتر نمازی مسجد سے باہر نکل گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ دوسرا خودکش حملہ آور مسجد میں داخل ہونے میں کامیاب ہوا اور دھماکہ کر دیا۔

فیروز جمال شاہ کے مطابق اگر حملہ آوروں کو نہ روکا جاتا تو بڑے جانی نقصان کا اندیشہ تھا۔

مستونگ اور ہنگو میں خودکش حملوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان

مستونگ میں مذہبی جلوس اور ہنگو میں نمازیوں پر ہونے والے خودکش حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے تاہم شدت پسند تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان نے ایک بیان میں ان دونوں حملوں سے لاتعلقی ظاہر کی ہے۔

تنظیم کی جانب سے جمعے کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہنگو کی مسجد اور مستونگ میں ہونے والے دھماکے افسوسناک ہیں اور تنظیم ان دونوں حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

ٹی ٹی پی کا کہنا ہے کہ مساجد، مدارس، سکول اور عوامی اجتماعات تنظیم کے اہداف میں شامل نہیں اور جمعے کو ہونے والے دونوں دھماکوں سے اس کوئی تعلق نہیں۔

پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی مذمت

پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے مستونگ اور ہنگو میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی مذمت کی گئی ہے۔

سفارت خانے کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام یہ حق رکھتے ہیں کہ وہ بغیر کسی دہشت گردی کے اپنے مذہبی تہوار منا سکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ دہشت گردی کے مقابلے کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں