دمشق (ڈیلی اردو) شام کے سرکاری میڈیا نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے ’’کہ اسرائیل نے پیر کی رات دیر الزور شہر کے اردگرد مسلح افواج کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ کیا، جس میں دو فوجی زخمی ہو گئے، جبکہ املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔‘‘
فوجی ذرائع کا کہنا تھا کہ “پیر کو تقریباً رات گیارہ بج کر پچاس منٹ پر اسرائیلی دشمن نے دیر الزور کے آس پاس میں ہماری مسلح افواج کے چند ٹھکانوں پر فضائی حملہ کیا۔ دشمن کی اس جارحیت کے نتیجے میں دو فوجی زخمی ہوئے اور املاک کو نقصان پہنچا۔
شام نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی حملوں کو رکوانے اور تل ابیب کو بین الاقوامی قوانین کا پابند بنانے کے لیے سنجیدہ اقدام اٹھائیں۔
اسرائیل عام طور پر شام میں ایران، لبنانی حزب اللہ اور مسلح ملیشیا سے تعلق رکھنے گروپوں کے ٹھکانوں پر حملے کرتا رہتا ہے۔ تل ابیب شام کے اندر بار بار ہوائی حملوں کی اپنی ذمہ داری کو عوامی طور پر تسلیم نہیں کرتا۔