واشنگٹن (ڈیلی اردو) روس کی جانب سے سفارت کار کو ملک سے نکالنے کے ردعمل میں امریکا نے بھی دو روسی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکی سفارت کاروں کو حراساں کرنے کے روسی اقدامات کو قطعی طور پر قبول نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ روسی سفارت کاروں کی بے دخلی واضح پیغام ہے کہ ماسکو میں ہمارے سفارت کاروں سے روا رکھا جانے والے ناقابل قبول سلوک کے نتائج بھی ویسے ہی ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال روس کی جانب سے امریکی ڈپٹی چیف آف مشن بارٹ گورمن کو ملک سے نکالا گیا تھا۔
روس کا کہنا تھا امریکی سفارت کار کو واپس اپنے ملک بھیجنے کا فیصلہ روسی سفارت کاروں کو امریکا سے نکالنے کے ردعمل میں کیا گیا تھا۔