بھارت: صوبہ ’سندھ کو پاکستان سے واپس لے لینا چاہیے،‘ وزیر اعلیٰ اتر پردیش

نئی دہلی (ڈیلی اردو/ڈی پی اے) بھارتی ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ بھارت کو چاہیے وہ خطہ سندھ کو پاکستان سے واپس چھین لے۔ اس سے قبل بھارتی وزیر دفاع نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کو بھارت میں ضم کرنے کی بات بھی کی تھی۔

بھارتی ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا کہنا ہے کہ اگر ایودھیا میں رام جنم بھومی کو 500 برسوں کے بعد مسلمانوں سے واپس لیا جا سکتا ہے، تو پھر ایسی کوئی وجہ نہیں ہے کہ بھارت ’سندھو‘ یعنی پاکستان کے صوبہ سندھ کو واپس نہ لے سکے۔

ریاست اتر پردیش میں ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہے اور اس جماعت میں ریاست کے وزیر اعلیٰ کو سب سے سخت گیر ہندو رہنما مانا جاتا ہے۔

ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ اتوار کے روز دو روزہ قومی سندھی کنونشن سے خطاب کر رہے تھے اور اسی دوران انہوں نے یہ باتیں کیں۔

ان کا کہنا تھا، ’’500 برس بعد ایودھیا میں بھگوان رام کا ایک عظیم الشان مندر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ جلد ہی وہاں رام کی مورتی دوبارہ نصب کی جائے گی۔ جنوری میں وزیر اعظم مودی کے ذریعے اس مندر کا افتتاح ہو گا۔‘‘

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا، ’’اگر رام جنم بھومی کو پانچ سو برسوں کے بعد واپس لیا جا سکتا ہے، تو ایسی کوئی وجہ نہیں کہ ہم سندھو (خطہ سندھ) کو واپس نہیں لے سکتے۔‘‘

اس حوالے سے یوگی آدتیہ ناتھ کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر موجود ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب انہوں نے یہ تبصرہ کیا تو آڈیٹوریم میں بیٹھے سامعین نے اتنے زور سے تالیاں بجائیں کہ ہال گونج اٹھا۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا، ’’اسی مقصد کے لیے سندھی برادری کو اپنی موجودہ نسل کو اپنی تاریخ اور وراثت کے بارے میں بتانے کی ضرورت ہے۔ اگر انہیں اپنی تاریخ اور بزرگوں کے بارے میں یہ علم ہو گا کہ ان کی اصل سرزمین کیا تھی، تو انہیں اس کے حاصل کرنے میں بھی کبھی نہ کبھی کامیابی ضرور ملے گی۔‘‘

یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ تقسیم ہند کے بعد سندھی کمیونٹی کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صرف ایک شخص کی ضد تقسیم ہند کی وجہ بنی۔

ان کا کہنا تھا، ’’تقسیم کی وجہ سے بھارت کا ایک بڑا علاقہ پاکستان بن گیا۔ سندھی برادری کو سب سے زیادہ نقصان پہنچاکیونکہ اسے اپنا مادر وطن چھوڑنا پڑا۔ آج بھی ہمیں دہشت گردی کی شکل میں تقسیم کے سانحے کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔”

کشمیر کو واپس لینے کی دھمکی

چند ماہ قبل ہی بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جموں میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ اپنے اندرونی مسائل پر توجہ مرکوز کرے اور یہ کہ بھارت کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کو واپس لینے کے لیے زیادہ کام کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بھی ضرورت پڑی، تو، ’’بھارت سرحد عبور کر کے شدت پسندوں کا تعاقب کر کے انہیں ختم کرتا رہے گا۔‘‘

اس موقع پر راج ناتھ سنگھ نے کہا، ’’میں پاکستان کو واضح طور پر بتانا چاہتا ہوں کہ اسے بار بار کشمیر کا مسئلہ اٹھانے سے کچھ بھی حاصل نہیں ہو گا۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا، ’’ہمیں پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کو واپس لینے کے لیے بہت زیادہ کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ بھارت کے ساتھ اتحاد کا مطالبہ خود وہیں سے شروع ہو گا۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے جموں و کشمیر کے کئی علاقوں پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں