امریکا: مسلم مخالف حملے میں 6 سالہ فلسطینی نژاد لڑکا ہلاک، ماں شدید زخمی

واشنگٹن (ڈیلی اردو/رائٹرز/اے پی/اے ایف پی) امریکی ریاست شکاگو میں ایک شخص نے فلسطینی نژاد ماں اور اس کے چھ سالہ بیٹے پر چاقو سے حملہ کر دیا، جس میں لڑکا ہلاک ہو گیا۔ حملہ آور کو قتل کرنے اور نفرت پر مبنی جرائم کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

امریکہ میں پولیس نے ایک 71 سالہ شخص کو قتل اور نفرت پر مبنی جرم کے الزام میں گرفتار کیا ہے، جس نے ایک چھ سالہ فلسطینی نژاد لڑکے اور اس کی ماں پر چاقو سے حملہ کیا، جس میں لڑکا ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کی 32 سالہ ماں کو شدید زخم آئے ہیں۔

شکاگو کے مضافاتی علاقے میں ول کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا کہ ”تفتیشی اہلکار اس بات کا تعین کرنے میں کامیاب رہے کہ اس وحشیانہ حملے میں دونوں متاثرین کو مشتبہ شخص نے اس لیے نشانہ بنایا، کیونکہ وہ مسلمان تھے۔”

ول کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ لڑکے پر سات انچ کے ایک فوجی طرز کے چاقو سے 26 بار حملہ کیا گیا۔ 32 سالہ خاتون کو بھی چاقو کے متعدد زخم آئے اور ان کی حالات تشویش ناک ہے، تاہم توقع ہے کہ وہ زندہ بچ جائیں گی۔

ول کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے یہ بھی کہا کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان موجودہ تنازعے کی وجہ سے متاثرین کو نشانہ بنایا گیا۔ اس بیان کے مطابق ہفتے کی صبح اسے خاتون کی طرف سے ایک ہنگامی کال موصول ہوئی، جس نے بتایا کہ اس کے مکان مالک نے اس پر حملہ کر دیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خاتون نے بتایا کہ وہ ”باتھ روم میں بھاگیں اور اپنے حملہ آور سے لڑتی رہیں۔” جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تب تک خاتون اور لڑکے کے سینے، دھڑ اور اوپری حصے پر متعدد حملوں سے کئی زخم لگ چکے تھے۔ دونوں متاثرین کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

شکاگو میں کونسل آف امریکن اسلامک ریلیشنز (سی اے آئی آر) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد ریحاب نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا، ”ہم غمزدہ ہیں، اور ہماری دعائیں پیارے لڑکے اور اس کی ماں کے ساتھ ہیں۔”

تنظیم نے متاثرین کی ایک فلسطینی نژاد امریکی لڑکے کے طور پر کی ہے، جو حال ہی میں چھ برس کا ہوا تھا، اور ان کی ماں کا نام حنان شاہین بتایا گیا ہے۔

سی اے آئی آر نے اپنے ایک بیان میں کہا، ”ہم مقامی حکام کی سرکاری تحقیقات کا انتظار کر رہے ہیں، اس وقت ہم جس چیز کی تصدیق کر سکتے ہیں وہ یہ ہے کہ ہمارے اپنے گھر میں ایک چھ سالہ بچہ ہے، جس نے ابھی چند ہفتے قبل اپنی سالگرہ منائی تھی اورایک ماں ہسپتال میں شدید حالت میں پڑی ہیں، دونوں پر ایک درجن سے بھی زیادہ بار چاقو سے حملہ کیا گیا۔”

تنظیم کے مطابق یہ خاندان گزشتہ دو برس سے اس گھر کے گراؤنڈ فلور پر مقیم تھا اور اطلاعات کے مطابق مشتبہ شخص ان کا مکان مالک تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں