تل ابیب (ڈیلی اردو/بی بی سی) اکتوبر کو حماس کے حملوں کے بعد سے اسرائیلی افواج اور حزب اللہ کے جنگجوؤں کے درمیان لبنانی سرحد پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔
جمعرات کے روز (آج) اسرائیلی دفاعی افواج نے کہا کہ ’انھوں نے لبنان کی جانب سے شمالی کبوتز منارہ میں دو ٹینک شکن گائیڈڈ میزائل داغے جانے کے بعد بھاری توپ خانے کی مدد سے جواب دیا۔
اسرائیلی ڈیفینس فورس کا کہنا ہے کہ تازہ ترین میزائل حملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور کہا گیا ہے کہ توپ خانے کی مدد سے لبنان میں حزب اللہ کی میزائل لانچ سائٹ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
غزہ سے وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد سے غزہ میں کم از کم 3،785 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں 1524 بچے، 1000 خواتین اور 120 بزرگ شہری شامل ہیں۔
تاہم فلسطینی وزراتِ صحت کے مطابق مجموعی طور پر 12،493 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی دفاعی افواج کے مطابق سات اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد سے اب تک 306 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اسرائیلی دفاعی افواج کا مزید کہنا ہے کہ حماس کے حملوں میں اس کے 1400 سے زیادہ شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ کے مطابق غزہ میں لڑائی کی وجہ سے اب تک تقریباً 10 لاکھ لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا ہے، جو کہ محصور علاقے کی آبادی کا تقریباً نصف ہے۔
فلسطینی پناہ گزینوں سے متعلق اقوام متحدہ کی ایجنسی کے مطابق تقریباً 352,000 ایسے افراد بھی ہیں، جو اس کے وسطی اور جنوبی غزہ کے اسکولوں میں پناہ کی متلاشی ہیں۔