پاک بھارت کشیدگی: جنگ کا خطرہ ٹل گیا

اسلام آباد (ڈیلی اردو) بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں جنگ کا خطرہ ٹل چکا ہے، بھارتی الیکشن کے بعد پاکستان سے مذاکرات ہوسکتے ہیں۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، بھارتی ہائی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ کشیدگی میں کمی کے بعد پاک بھارت سیاسی، سفارتی اور فوجی سطح پر پاک بھارت رابطے بحال ہوچکے ہیں۔

قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد موجودہ حکومت کی جانب سے مثبت پیشرفت ہے، ایک سوال کے جواب میں اجے بساریہ نے کہا کہ بھارت میں الیکشن کے بعد پاکستان سے مذاکرات ہوسکتے ہیں، اب تک سروے کے مطابق این ڈی اے کو سبقت حاصل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت میں جنگ کا خطرہ ٹل چکا ہے، پاک بھارت کشیدگی میں کمی آئی ہے تاہم دونوں طرف دہشت گرد حملوں کا خطرہ موجود ہے۔

یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی میں اضافے کے بعد بھارت نے15فروری کو بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو نئی دہلی طلب کیا تھا جبکہ پاکستان نے بھی اٹھارہ فروری کو اپنے ہائی کمشنر سہیل محمود کو وطن واپس بلالیا تھا۔

بعد ازاں بھارت نے اجے بساریہ کو اسلام آباد اور پاکستان نے سہیل محمود کو نئی دہلی روانہ کردیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں