تل ابیب (ڈیلی اردو/بی بی سی) اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نتن یاہو نے لبنان کی سب سے طاقتور فوجی طاقت حزب اللہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے خلاف ایک اور جنگ چھیڑنے سے باز رہے۔
لبنان کی سرحد کے قریب اسرائیلی شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اگر حزب اللہ نے ایسا کیا تو یہ اس کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی ہو گی۔
انھوں نے کہا کہ حزب اللہ کی طرف سے جنگ شروع کرنے کی صورت میں اسرائیل لبنان پر ناقابل تصور پیمانے پر فضائی حملے شروع کر دے گا، جس سے تباہی و بربادی ہی لبنان کا مقدر ٹھہرے گی۔
اسرائیل اور امریکہ پہلے ہی ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کو اس جنگ چھیڑنے سے باز رہنے کا کہہ چکے ہیں۔
دو ہفتے قبل حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملے کیے گئے جس میں 1400 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اسرائیل نے جوابی فضائی حملوں میں غزہ میں 4,300 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔