افغانستان: کابل میں بس میں دھماکا، 7 افراد ہلاک، 20 زخمی

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بس میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

https://twitter.com/ShabbirTuri/status/1721943803458929102?t=3yD0i2hBYGjIg1yFVs6bFw&s=19

کابل پولیس کے ترجمان خالد زادران کے مطابق دھماکہ کابل کے علاقے دشت برچی میں ہوا جو تاریخی طور پر شیعہ ہزارہ برادری کا علاقہ ہے۔

زادران نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ دشت برچی میں ہونے والا دھماکا مسافروں کو لے جانے والی بس میں ہوا، بدقسمتی سے ہمارے سات افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی اہلکار موقع پر موجود ہیں اور انہوں نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ (داعش) نے سوشل میڈیا چینل ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

طالبان کو اگست 2021 ء میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے دہشتگرد گروہ داعش کی طرف سے حملوں کا سامنا ہے۔ یہ دہشتگرد گروہ ماضی میں بھی ہزارہ برادری کو نشانہ بناتا آیا ہے۔

کابل کے مغربی حصے میں واقع دشتِ برچی میں پہلے بھی کئی دہشت گرد حملے ہو چکے ہیں جن کی ذمہ داری دولت اسلامیہ قبول کرتی رہی ہے۔ اس علاقے میں بڑی تعداد میں ہزارہ افراد مقیم ہیں۔ ہزارہ آبادی کی اکثریت شیعہ مسلک سے تعلق رکھتی ہے اور وہ افغانستان میں ایک اقلیت ہیں جنھیں ماضی میں بھی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

یاد رہے کہ اکتوبر کے آخر میں اسی علاقے کے ایک اسپورٹس کلب میں بھی دھماکا ہوا تھا جس کی ذمہ داری دولت اسلامیہ نے قبول کی تھی۔ اس دھماکے میں 4 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوئے تھے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں