پیغام پاکستان قرآن و سنت کی روشنی میں دہشتگردی کے خلاف متفقہ فتویٰ ہے، علامہ طاہر اشرفی

لاہور (ڈیلی اردو) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پیغام پاکستان قرآن و سنت کی روشنی میں دہشتگردی کیخلاف متفقہ فتویٰ ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندر کسی بھی سطح پر جتھوں کو مسلح جدوجہد کی اجازت نہیں، پیغام پاکستان تمام مذاہب کو آئین و قانون کی روشنی میں جینے کا حق دیتا ہے، آئین پاکستان کی اساس قرآن و سنت ہے، پاکستان میں کوئی بھی قانون سازی قرآن و سنت کے خلاف نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ روز میں دہشتگردی کے واقعات ہوئے، ہماری فوج کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر پاکستان کی بنیاد کو مضبوط بنارہے ہیں، میانوالی میں کوشش کی گئی کہ ملک کے اثاثوں کو نقصان پہنچایا جائے، ہماری فوج ،فضائیہ کے جوانوں نے میانوالی میں دہشتگردوں کی کارروائی کو ناکام بنایا۔

چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے کہا کہ آج پورے ملک کے اندر سے آواز ہے کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کا اسلام اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں، آج ہمیں پیغام پاکستان کے ذریعے وحدت کا پیغام دیا گیا ہے، ایک پلان بنایا جارہا ہے کہ مسلم ممالک کے تعلقات کو کمزور کیا جائے، ہماری دعا ہے اللہ سعودی عرب سے مسلم قیادت کو مثبت فیصلہ کرنے کی توفیق دے۔

غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج بھی خطبات جمعہ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی گئی ہے، فرعون اپنے دور میں بچوں کا قتل عام کررہا تھا، آج اسرائیلی بھی فلسطین کے بچوں کا قتل عام کررہے ہیں، ہماری خواہش ہے کہ فلسطینیوں کو آزاد مسلم ریاست ملے جس کا دارلخلافہ القدس ہو۔

واضح رہے کہ حماس کے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر کیے گئے حملے کے بعد اسرائیل کی طرف سے جوابی زمینی و فضائی کارروائی میں وزارتِ صحت کے مطابق 10 ہزار 812 اموات ہو چکی ہیں جن میں 40 فیصد بچے شامل ہیں۔

حماس کے حملے میں اسرائیلی حکام کے مطابق غیر ملکیوں سمیت 1400 اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے جب کہ جنگجو 240 کے قریب افراد کو یرغمال بنا کر اپنے ہمراہ غزہ کی پٹی لے گئے تھے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں