تل ابیب (ڈیلی اردو/بی بی سی) اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے غزہ میں اپنی نقل و حرکت کے بارے میں تازہ ترین معلومات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ الشفا ہسپتال میں ان کا آپریشن جاری ہے۔
آئی ڈی ایف کا کہنا ہے کہ ان کے فوجی ’الشفا ہسپتال کے ایک مخصوص علاقے میں حماس کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں، جس میں وہ حماس کے عسکریت پسندوں کے بنیادی ڈھانچے اور ہتھیاروں کی تلاشی لے رہے ہیں۔‘
ہسپتال کے اندر موجود ایک صحافی نے بی بی سی کو بتایا کہ آئی ڈی ایف کے اہلکار ہر ہر کمرے میں جا کر ہسپتال کے عملے اور مریضوں سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں اور ان کے ساتھ مترجم اور طبی عملہ بھی موجود ہے۔
آئی ڈی ایف نے یہ بھی کہا کہ اس نے ہسپتال کے داخلی دروازے تک انسانی امداد پہنچا دی ہے۔ قبل ازیں اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ وہ ہسپتال میں انکیوبیٹرز اور بچوں کی خوراک لانے کی کوشش کر رہی ہے، جہاں درجنوں بچوں کو طبی علاج کی ضرورت ہے۔