خالصتان رہنماؤں کی ہلاکت: امریکی انکشافات کے بعد کینیڈا نے بھارت پر دباؤ بڑھا دیا

اوٹاوا (ڈیلی اردو) امریکا میں سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں بھارتی شہری پر فردِ جرم عائد ہونے اور امریکی انکشافات کے بعد کینیڈا نے بھارت پر دباؤ بڑھا دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا نے بھارت سے ہردیپ سنگھ نجر قتل کیس کی تحقیقات میں مزید تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔

اس حوالے سے کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ امریکا سے آئی خبریں نشاندہی کرتی ہیں کہ بھارت کو یہ معاملہ سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔

جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ معاملےکی تہہ تک پہنچنے کے لیے بھارتی حکومت کینیڈا کے ساتھ تحقیقات میں تعاون یقینی بنائے۔

دوسری جانب بھارتی حکومت کی جانب سے خالصتان تحریک کے رہنماؤں کو امریکا میں چُن چُن کر قتل کرنے کے احکامات دیے جانے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی حکومت نے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں بھارتی شہری پر فردِ جرم عائد کردی ہے۔ نکھل گپتا پر بھارت کے ایک حکومتی اہلکار کے کہنے پر قتل کا منصوبہ بنانے کا الزام ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں