واشنگٹن (ڈیلی اردو/اے ایف پی/وی او اے) امریکی اور عراقی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ پیر کے روز شمالی عراق میں ایک فوجی اڈے پر ڈرون حملہ ہوا جو اس قسم کے حملوں کے سلسلے کا تازہ ترین واقعہ ہے۔ یہ ایئرپورٹ امریکی اور اتحادی افواج جہادیوں کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال کرتی ہیں۔
7 اکتوبر کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے، عراق میں داعش سے لڑائی کے لیے فورسز تعینات کرنے والے اتحاد کے خلاف حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
عراقی وزیر اعظم کے فوجی امور کے ترجمان یحییٰ رسول نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیر کے واقعے میں عراقی کردستان میں اربیل ایئر پورٹ کےقریب سے ایک اڈے کی جانب ایک ڈرون فائر کیا گیا۔ ترجمان نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
ایک امریکی فوجی عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ ایار بیس پر امریکی اور اتحادی افواج پر ڈرون حملہ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم زخمیوں کی تعداد اور نقصانات کے نقصان کے تخمینے کا انتظار کر رہے ہیں اگر ایسا ہوا ہے۔
ڈرون حملے کے کچھ ہی دیر بعد عراق میں اسلامی مزاحمت نے اربیل کے شمال مشرق میں واقع حریر کے قریب ایک اور اڈے پر حملے کا دعویٰ کیا۔ اس اڈے پر بھی امریکی اور اتحادی افواج تعینات ہیں۔
عراق میں اسلامی مزاحمت سابق نیم فوجی جتھوں کے حشد الشعبی اتحاد سے وابستہ مسلح گروپوں کی ایک ڈھیلی ڈھالی تنظیم ہے۔ جو اب باقاعدہ عراقی افواج میں ضم ہو گئی ہے۔
امریکہ کے فوجی عہدے داروں کے مطابق 17 اکتوبر سے اب تک عراق اور شام میں اس کی فوجوں پر 103 حملے ہو چکے ہیں۔
ان حملوں میں سےزیادہ ترکا دعویٰ عراق میں اسلامی مزاحمت گروپ نے کیا ہے جو غزہ میں حماس کے خلاف اسرائیل کی جنگ میں امریکہ کی جانب سے اسرائیل کی حمایت کا مخالفت ہے۔
دسمبر کے اوائل میں ، بغداد میں امریکی سفارت خانے کو ایک راکٹ سے ہدف بنایا گیا تھا، جو غزہ کی جنگ کے آغاز کے بعد سے اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ تھا۔۔ اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا کسی گروپ نے دعویٰ نہیں کیا۔
عراقی وزیر اعظم محمد شیعہ ال سوڈانی کے دفتر نے متعدد گرفتاریوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پکڑے جانے والے کچھ افراد کا ا تعلق سیکیورٹی سروسز سے تھا۔
عراق میں امریکہ کے کوئی ڈھائی ہزار فوجی تعینات ہیں جب کہ شام میں اس کے 900 کے لگ بھگ فوجی ہیں۔ بین الاقوامی اتحاد 2014 سےداعش کے خلاف لڑ رہا ہے۔