اسرائیلی جنگی طیاروں کی شام میں بمباری، ایرانی پاسداران انقلاب کے 11 اہلکار ہلاک

دمشق (ڈیلی اردو) شام کے دارالحکومت دمشق میں اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری میں ایرانی پاسداران انقلاب کے 11 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے محض چند دن پہلے ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر بریگیڈئیر جنرل سید رضا موسوی کو شام میں بمباری کرکے ہلاک کیا تھا۔

عرب خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہےکہ اسرائیل نے 28 دسمبر کو رات گئے دمشق انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر فضائی حملہ کیا جس میں ایرانی پاسداران انقلاب کے 11 ممبران ہلاک ہوئے ہیں۔

عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ اسرائیلی حملے کا نشانہ بننے والے ممبران مشرقی شام میں ایرانی فورسز کی دیکھ بھال کی ذمہ داریوں پر فائز تھے اور وہ حملے کے وقت ائیرپورٹ پر ایک سینئر وفد کا استقبال کرنے کے لیے موجود تھے۔

اسرائیل اپنے شام پر حملوں کو کم ہی زیر تبصرہ لاتا ہے تاہم اس نے کھلے لفظوں میں اعلان کر رکھا ہے کہ اپنے سب سے بڑے دشمن ایران کو شام میں بشار الاسد کی مدد کرنے کے لیے نہیں چھوڑے گا۔

شام سے متعلق برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کی آبزرویٹری کے مطابق اسرائیلی بمباری کا ہدف ایک شامی دفاعی پوزیشن تھی، اسی طرح دمشق کے نزدیک اس کے نشانے پر ائیر پورٹ تھا۔ یاد رہے اس سے پہلے بھی اسرائیل اس ائیر پورٹ کو بارہا بمباری کا نشانہ بنا چکا ہے۔

اس سے قبل شام کے سرکاری میڈیا اور وزارت دفاع نے مشرقی شام میں دمشق کے نزدیک اسرائیلی حملے کی اطلاع دی تھی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں