کراچی: ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملے میں ملوث زینبیون بریگیڈ کا دہشت گرد گرفتار

کراچی (ڈیلی اردو) کاؤنٹر ٹیررزم ڈپپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملے میں ملوث ایرانی حمایت یافتہ عسکری تنظیم زینبیون بریگیڈ سے وابستہ انتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر سولجر بازار کے علاقے میں آپریشن کے دوران گرفتار کیے گئے ملزم محمد مہدی کا تعلق زینبیون بریگیڈ سے ہے، جو کہ پڑوسی ملک ایران کے لیے بھی کام کرتا ہے۔

انچارج سی ٹی ڈی خرم وارث نے بتایا کہ گرفتار ملزم ہائی ویلیو ٹارگٹ کی ریکی کرتا تھا۔

سی ٹی ڈی کے جاری کردہ بیان میں ملزم کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ ’وہ دشمن انٹیلی جنس ایجنسی کی طرف سے ملنے والا اسلحہ و گولہ بارود اپنے گھر میں رکھا کرتا تھا اور ضرورت پڑنے پر اور ٹارگٹ کو نشانہ بنانے کے لیے ہینڈ گرینیڈ اسلحہ اور امو نیشن فراہم کرتا ہے اور اسلحے کی خرید و فرخت کا بھی کام کرتا ہے۔‘

پریس ریلیز کے مطابق ملزم نے مزید بتایا کہ ’اس کے ساتھی سید رضا جعفری اور عابد رضا مفتی تقی عثمانی پر حملہ کرنے میں بھی ملوث تھے۔‘

سی ٹی ڈی کا مزید کہنا تھا کہ ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور چھ گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔ ملزم سے تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔

یاد رہے کہ مارچ 2019 میں کراچی میں جامعہ دارالعلوم کے نائب مہتمم اور ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملہ ہوا جس میں وہ محفوظ رہے جبکہ ان کے 2 محافظ ہلاک ہو گئے تھے۔

دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے گلشن اقبال نیپا چورنگی کے قریب دو کاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 2 محافظ محمد فاروق اور صنوبر خان ہلاک ہوگئے جبکہ مفتی تقی عثمانی محفوظ رہے۔

تنظیم زینبیون بریگیڈ کیسے وجود میں آئی؟

2000 میں شام میں صدر بننے والے بشار الاسد کے خلاف 2011 میں ہونے والے حکومت مخالف اور بےروزگاری، بدعنوانی اور سیاسی پابندیوں کے خلاف پرامن احتجاج نے جلد ہی کھلم کھلا خانہ جنگی کی شکل اختیار کر لی۔ شام کی جنگ کے کچھ عرصے بعد فرقہ واریت میں بٹ گئی اور سیرئن آبزرویٹری فار ہیوم رائٹس کے مطابق اس جنگ میں اب تک تقریباً چار لاکھ سے زائد تصدیق شدہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

شام میں جنگ چھڑنے کے بعد کئی ممالک کی شدت پسند تنظیموں نے شام کا رخ کیا۔ امریکی سکیورٹی اور کنسلٹنٹ فرم سوفان گروپ کے مطابق 2016 تک شام میں 81 ممالک کی شدت پسند تنظیمیں موجود تھیں۔ البتہ پاکستانی شدت پسند تنظیموں کو شام آنے میں کچھ عرصہ لگا۔

2013 میں شام کے دارالحکومت دمشق میں بی بی زینبؑ کے روضے اور دیگر مقدس مقامات پر حملے کے بعد بی بی زینبؑ کے روضے کی حفاطت کے لیے دو تنظیمیں بنائی گئی، جن میں پاکستانی شدت پسند تنظیم سپاہ محمد کی زینبیون بریگیڈ میں پاکستانیوں کو لیا گیا تاکہ وہ شام جاکر لڑائی میں حصہ لے سکیں۔

2015 میں زینبیون بریگیڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر بھرتیوں کے متعلق جاری مہم میں کہا گیا تھا کہ زینبیون بریگیڈ میں بھرتی ہونے کی عمریں 18 سے 35 سال کے درمیان ہیں۔ بھرتی ہونے والے کو 12 سو امریکی ڈالر ماہوار تنخواہ اور ہر تین ماہ بعد 15 دن کی چھٹیاں ملیں گی۔ ویسے تو بھرتی پاکستان بھر سے کی گئی مگر اکثریت پارا چنار اور سابق فاٹا سے شامل ہوئی۔ جب کہ کچھ بلوچ بھی بھرتے کیے گئے مگر ان کا ابھی تک پتہ نہیں چلا کہ ان کا تعلق پاکستانی بلوچستان سے تھا یا ایرانی بلوچستان سے۔

زینبیون بریگیڈ کے اکثریت رضاکاروں کو دمشق میں ہی رکھا گیا تھا۔ شدت پسندی کے موضوع پر مہارت رکھنے والے تجزیہ نگار اور کراچی کے صحافی روحان احمد نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ زینبیون بریگیڈ میں بھرتی ہونے والوں میں سے چند کا تعلق پہلے سے پاکستان میں کسی شیعہ تنظیم یا گروپ سے تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’قانون نافذ کرنے والے ادارے اس تنظیم کے حوالے سے زیادہ کھل کر بات نہیں کرتے کیونکہ زینبیون کا نام جب بھی آتا ہے اس کے ساتھ پڑوسی ملک ایران کا نام بھی سامنے ہے، انہیں اس بات کا خیال بھی رکھنا پڑتا ہے کہ کہیں ان کے بیانات سے پاکستان کے ایران سے تعلقات پر برا اثر نہ پڑے۔‘

اس کے علاوہ شام میں لڑنے کے لیے افغانستان کے رضاکاروں کا فاطمیون بریگیڈ نامی گروپ بنایا گیا۔ ایرانی پاسداران انقلاب اور قدس فورس نے ایران میں موجود 30 لاکھ سے زائد افغان تارکین وطن کو فاطمیون بریگیڈ میں بھرتی کیا۔ ایران نے فاطمیون بریگیڈ میں بھرتی ہونے والے افغانوں کو ایرانی شہریت دینے کا اعلان کیا تھا، جبکہ پاسداران انقلاب اور قدس فورس نے رضاکاروں کو 11 سو امیرکی ڈالر ماہانہ تنخواہ دی۔

زینبیون بریگیڈ اور فاطمیون بریگیڈ شیعہ مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے رضاکاروں کے ملیشیا گروہ ہیں۔

انسداد دہشت گردی کے محکمے سی ٹی ڈی کے ڈی آئی جی عمر شاہد نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ زینبیون بریگیڈ کے پاکستانی اور فاطمیون بریگیڈ کے افغان رضاکار ایرانی پاسداران انقلاب کے بازو قدس فورس کی معرفت شام میں شدت پسند لڑائی لڑنے گئے۔

ان کے مطابق: ’زینبیون بریگیڈ میں پاکستان سے ہرقسم کے شیعہ بشمول اردو بولنے والے شیعہ، پاراچنار اور گلگت کے شیعہ بھی گئے۔ شام جا کر لڑائی میں حصہ لینے پاکستان سے کتنے لوگ گئے، اس کی درست تعداد بتانا مشکل ہے، کیوں کہ کچھ لوگ غیر قانونی طریقے سے گئے تو کچھ لوگ مذہبی زیارتوں پر گئے اور وہاں سے ہی شام چلے گئے۔ میرا اندازہ ہے کہ دو ہزار سے آٹھ ہزار افراد پاکستان سے شام گئے ہیں۔‘

دنیا بھر میں جیسے شدت پسند تنظیمیں کمزور ہوئی ہیں اسی طرح شام میں القاعدہ سے منسلک سلفی جہادی شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ فی عراق والشام (آئی ایس آئی ایس) المعروف داعش اور شام میں جنگ لڑنے والی دیگر تنظیمیں بھی کمزور ہوئی ہے۔ عمر شاہد کے مطابق گذشتہ کچھ عرصے سے پاکستان سے شام جانے والے زینبیون بریگیڈ کے افراد وطن واپس آنا شروع ہو گئے ہیں۔

’ہم زینبیون بریگیڈ کی کراچی سمیت پاکستان میں موجودگی کے بارے میں جانتے ہیں۔ ہم ان کے واپسی پر بھی نظر رکھی ہوئی ہے۔ حالیہ دنوں میں زینبیون بریگیڈ سے وابسطہ چند شدت پسندوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ باقی بچے ہوئے افراد کے لیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔‘

اسی طرح بعض سُنی گروپس کے بارے میں بھی یہ مصدقہ اطلاعات ہیں کہ وہ صدر بشار الاسد کے مخالف گرہوں کے ساتھ مل کر وہاں برسر پیکار ہیں۔

ایسی خبریں بھی سامنے آتی رہیں ہیں کہ یہ افراد شام کے علاقے دمشق اور حلب میں داعش کے خلاف برسر پیکار رہے ہیں اور ان میں سے درجنوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں جن کی تدفین ایران میں کی گئی۔ لیکن اس حوالے سے سرکاری طور پر کبھی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

سیکیورٹی ماہرین کیا کہتے ہیں

سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندی سے یہ خطہ بُری طرح متاثر ہوا ہے اور پاکستان کو کسی حد تک اب بھی اس عفریت کا سامنا ہے۔ جس کے کئی اندرونی اور بیرونی عوامل ہیں۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان بھی اس سے مستثنیٰ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسے ختم ہونے میں وقت لگتا ہے جس کے لئے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دیگر طاقتوں کی پراکسی وار کی تاریخ ہی ہے، جس میں بیرونی عناصر مقامی افراد کو استعمال کر کے کسی نہ کسی طرح کے مسائل پیدا کرتے رہتے ہیں اور اس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔ افغان جنگ کے بعد ہمارے ہاں فرقہ وارانہ تشدد میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، اور سیاست میں مذہب کارڈ آنے کے بعد اس کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

تاہم سابق آئی جی پولیس کے خیال میں یہ خطہ بالخصوص پاکستان فرقہ وارانہ تشدد، عسکریت پسندی کے نکتہ عروج سے شاید گُزر چکا ہے، جس میں ملک میں ایک خانہ جنگی جیسی کیفیت تھی۔ تاہم اب یہ دیکھنا ہے کہ ریاست کس قدر جلد اس مسئلے پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہوتی ہے۔

افضل شگری کے مطابق پاکستان میں اب پرتشدد منظم گروہوں کا کافی حد تک خاتمہ کیا جاچکا ہے۔ لیکن بے روزگاری اور غربت سے جیسے معاشی مسائل اور بیرونی مداخلت کی وجہ چیلنجز اب بھی موجود ہیں۔

سابق آئی جی نے کہا کہ دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث افراد کی پاکستان میں بلا روک ٹوک آمد و رفت روکنے کے لئے افغانستان اور ایران کے بارڈر پر باڑ لگائی جا رہی ہے جو کہ کچھ میں سال مکمل ہو جائے گی۔ توقع ہے کہ اس سے کافی حد تک دہشت گردی، تشدد اور دیگر جرائم روکنے میں نمایاں مدد ملے گی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں