بغداد (ڈیلی اردو) عراق میں امریکی فوج کے اڈے پر بیلسٹک میزائل اور راکٹ حملوں میں ایک امریکی اور عراقی سمیت 2 فوجی زخمی ہو گئے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی حکام نے بتایا کہ عین الاسد ایئربیس پر حملے میں امریکی فوجی کو معمولی زخم آئے جبکہ عراقی سیکیورٹی فورسز کا اہلکار شدید زخمی ہوا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے کئی میزائل کو ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق حملہ اسرائیلی فضائیہ کی شامی دارالحکومت دمشق میں کاروائی کا ردعمل ہوسکتا ہے جس میں ایرانی فوج کے پانچ ارکان سمیت 10 افراد مارے گئے ہیں۔
پاسداران انقلاب کے خبر رساں ادارے سپاہ نے کہا ’بری اور مجرم صہیونی رجیم (اسرائیل) کے جارحانہ اقدام‘ سے ہمارے چار فوجی مشیروں کی جان گئی۔
نیوز ایجنسی نے جان سے جانے والوں کو حجۃ اللہ امیدور، علی آغا زادہ، حسین محمدی اور سعید کریمی کے نام سے شناخت کیا۔
سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے سربراہ رامی عبدالرحمان نے بتایا کہ شام کے دارالحکومت دمشق میں ہفتے کو اسرائیل کے حملے میں کم از کم 10 افراد جان سے گئے جن میں ایران کے پاسداران انقلاب کے شام میں انٹیلی جنس سربراہ اور ان کے نائب بھی شامل ہیں۔