اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاک فضائیہ نے ایل او سی پر جاسوسی کرنے والے بھارتی فضائیہ کے کواڈ کاپٹر کو مار گرایا ہے۔
تفصیلات کےمطابق 25 فروری کو پاکستانی فضائیہ کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی جاسوس ڈرون کو ڈاؤن کر دیا ہے۔
پاک فضائیہ کے مطابق واقعہ گزشتہ روز 12 بج کر 55 پر پیش آیا تھا، تاہم بھارتی فضائیہ کے کوآڈ کاپٹر کو گرانے کے بعد پاک فوج نے اس کی باقیات کی تلاش کا کام شروع کیا۔
پاک فضائیہ کے مطابق 26 ۔فروری کو ایل او اسی میں پاکستانی علاقے میں کوآڈ کاپٹر کی باقیات مل گئیں۔ کوآڈ کاپٹر پر بھارتی فضائیہ کی ایک یونٹ کا نشان بھی موجود ہے جو اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ یہ کواڈ کاپٹر بھارتی فضائیہ کا ہے۔
یاد رہے کہ 27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بھارت کے 2 لڑاکا طیاروں کو گرا کر ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا تھا اور پاک فضائیہ نے اس کامیابی کو ’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ‘ کا نام دیا تھا۔
14 فروری کو کیا ہوا تھا؟
14 فروری 2019 کو بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے شہر پلواما میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی بس پر حملے میں 44 بھارتی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جس کا الزام بھارت نے ہمیشہ کی طرح پاکستان پر عائد کیا تھا لیکن پاکستان نے اس کی تردید کی تھی۔
اس واقعے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا تھا، اسی دوران 26 فروری 2019 کوبھارتی طیاروں نےپاکستان کے زیرِ انتظام آزاد کشمیر کے علاقے بالاکوٹ میں دراندازی کی کوشش کی جسے پاکستانی طیاروں نے ناکام بنا دیا تھا۔
اس کے اگلے ہی روز یعنی 27 فروری کو بھارتی طیاروں نے ایک مرتبہ پھر دراندازی کی کوشش کی جس کے جواب میں پاک فضائیہ نے 2 بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا اور پاکستانی حدود میں گرنے والے ایک طیارے میں سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کرلیا تھا۔
تاہم گرفتاری کے چند روز بعد ہی پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر بھارتی پائلٹ کو رہا کر کے واپس بھارت کے حوالے کردیا تھا۔