دمشق (ڈیلی اردو) اسرائیل نے شام کے ایک علاقے میں ایران نواز جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس میں 2 جنگجو ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں کے ادارے کے مطابق سیرین آبزرویٹری برائے ہیومن رائٹس نے بتایا ہے کہ اسرائیل نے بمباری شام کے دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقوں میں کی۔
اسرائیلی فوج نے یہ فضائی حملے گولان پہاڑیوں کے نزدیک کیے جہاں حزب اللہ کی تنصیبات بھی ہیں جب کہ ایران نواز ایک اور عسکری گروپ کے ٹھکانے ہیں۔
تاہم یہ واضح نہیں کہ اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے والے جنگجوؤں کا تعلق کس تنظیم تھا۔ حزب اللہ کی جانب سے بھی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی اور اسرائیلی فوج نے بھی کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
ادھر شام کے سرکاری ٹیلی ویژن نے دعویٰ کیا کہ شہری دفاع نے اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کے بیشتر میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔
واضح رہے کہ 2011 سے جاری خانہ جنگی کے دوران اسرائیل نے متعدد بار شام میں ایران نواز تنظیموں کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔