کوئٹہ (ڈیلی اردو) بلوچستان شیعہ کانفرنس کے نائب صدر حاجی رمضان علی ہزارہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
حاجی رمضان علی ہزارہ دو روز قبل بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں واقع اپنے گھر کے باہر قاتلانہ حملے میں زخمی ہوئے تھے۔
اس قاتلانہ حملے میں حاجی رمضان کو 3 گولیاں لگی تھیں، جس کے بعد انہیں سول ہسپتال کے ٹرامہ سینٹر منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ منگل روز زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
ان کے بھائی کے مطابق دروازے پر نامعلوم افراد نے دستک دی، جب حاجی رمضان باہر گئے تو ان پر فائرنگ ہوئی۔
واقعے میں بلوچستان شیعہ کانفرنس کے نائب صدر زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
بلوچستان شیعہ کانفرنس کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں کہا گیا کہ بلوچستان شیعہ کانفرنس کے نائب صدر حاجی رمضان علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ حاجی رمضان علی کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں محرم اور دیگر ایام کے موقع پر نکالے جانے والے جلوس کی سربراہی کرتے تھے۔
اس کے علاوہ وہ بلوچستان شیعہ کانفرنس کی بعض ذمہ داریاں بھی سنبھالتے تھے۔
پولیس کی جانب سے واقعہ کی تفتیش جاری ہے اور تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔