بھارتی فضائیہ کا راجستھان میں جنگی طیارہ گر کر تباہ

نئی دہلی (ڈیلی اردو) بھارتی فضائیہ کا تیجس طیارہ دوران پرواز گر کر تباہ ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجستھان کے علاقے جیسلمیر میں طیارہ گر کر تباہ ہوا۔

بھارتی فضائیہ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہےکہ طیارہ تربیتی پرواز پر تھا، طیارہ گرنے سے قبل پائلٹ باحفاظت طیارے سے نکلنے میں کامیاب رہا۔

واضح رہے کہ یہ حادثہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب بھارتی ریاست راجستھان میں پوکھران فائرنگ رینج میں بھارتی افواج کی ’بھارت شکتی‘ نامی مشقیں جاری ہیں۔

آج بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ان مشقوں کا معائنہ کیا۔ بھارتی وزیر اعظم نے اس دوران تیجس طیارے کا مظاہرہ بھی دیکھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی بھارت میں لڑاکا طیارہ مگ-21 پرواز کے دوران ایک گھر پر گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان میں پولیس افسر سدھیر چوہدری نے بتایا کہ مگ 21 طیارہ ایک گھر پر گر گیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے تاہم پائلٹ کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

اس سے قبل 2021 میں بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) کا مِگ 21 طیارہ ریاست راجستھان کی صورت گڑھ ایئر بیس میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

قبل ازیں 2019 میں بھارتی فضائیہ کا مِگ27 طیارہ راجستھان میں جودھ پور کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مِگ 27 کا پائلٹ محفوظ طریقے سے طیارے سے نکلنے میں کامیاب رہا اور تباہ ہونے والا طیارہ معمول کی پرواز پر تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں