کابل (ڈیلی اردو) افغانستان کے شہر اور ملک پر حکومت کرنے والے طالبان حکام کا مرکز سمجھے جانے والے قندھار میں خودکش بم دھماکے میں 21 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے۔
افغانستان کے شہر قندھار میں خودکش دھماکے میں 21 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ تقریباً 50 افراد زخمی ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکا قندھار کے ایک بینک کے سامنے ہوا جہاں خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔
پولیس حکام نے یہ بھی بتایا کہ خودکش دھماکے میں ہلاک اور زخمی بیشتر افغان شہری ہیں۔
دوسری جانب مقامی اسپتال کے ڈاکٹر نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ قندھار خودکش دھماکے میں 21 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دھماکے سے زخمی تقریباً 50 افراد کو اسپتال لایا گیا ہے۔
ادھر طالبان حکومت کا کہنا ہے کہ خودکش دھماکا صبح آٹھ بجے مقامی بینک کے سامنے ہوا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق دھماکے کے وقت سرکاری ملازمین تنخواہ وصولیوں کےلیے بینک کے سامنے جمع تھے۔
دوسری جانب داعش نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
واضح رہے کہ جب سے طالبان نے اگست 2021 میں اقتدار پر قبضہ کرنے کے بعد اپنی شورش کا خاتمہ کیا اور امریکی حمایت یافتہ حکومت کو بے دخل کیا ہے افغانستان میں بم دھماکوں اور خودکش حملوں کی تعداد میں واضح طور پر کمی آئی ہے۔
تاہم کالعدم داعش کا علاقائی چیپٹر سمیت متعدد مسلح گروپ اب بھی خطرہ بنے ہوئے ہیں۔