پیرس (ڈیلی اردو/ڈی پی اے/اے ایف پی) جمعرات کو پیرس کے ایک پولیس اسٹیشن میں مبینہ طور پر خاتون پر باکس کٹر سے حملہ کرنے اور ایک پولیس اہلکار سے ہتھیار چھیننے کے بعد دو اہلکاروں کو شدید زخمی کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ واقعہ فرانس کے دارالحکومت کے تیرویں ضلع میں رات ساڑھے دس سے کچھ دیر پہلے پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق ایک پولیس آفیسر شدید زخمی ہوا ہے اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔
#BREAKING Man shoots two officers in Paris police station: source close to case pic.twitter.com/a8D2595DZk
— AFP News Agency (@AFP) May 9, 2024
دریں اثناء پیرس کے پبلک پراسیکیوٹر کی جانب سے واقعہ کی تصدیق کردی گئی۔
پیرس پولیس کے سربراہ لاراں نونے نے صحافیوں کو بتایا کہ مشتبہ شخص کو رات دس بجے کے قریب ایک باکس کٹر سے ”ایک خاتون پر حملے‘‘ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا
انہوں نے کہا، ”افسران نے مداخلت کی اور ملزم کو (پولیس اسٹیشن) واپس لے آئے،اس کارروائی کے دوران ملزم نے پولیس افسران سے ہتھیار چھین لیا اور دو افسران کو شدید زخمی کر دیا۔‘‘ دونوں پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ حملہ آور بھی پولیس کی جوابی کارروائی میں شدید زخمی ہوا ہے۔
پولیس سربراہ نے پولیس اسٹیشن عملے کے جرات مندانہ اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا ”ہم زخمی ہونے والےافسران کی صحت کی حالت کے بارے میں بہت فکر مند ہیں۔‘‘ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جس میں تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حملہ آور کو سینے میں زخم آئے ہیں اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے ، جبکہ تفتیش سے یہ بھی واضح ہوجائے گا کہ اس واقعے کے محرکات کیا تھے اور حملہ آور کی شناخت، اوراس کا نشانہ بننے والی خاتون اور حملہ آور کا آپس میں تعلق کیا تھا۔ فرانسیسی پولیس نے تاحال حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔