غزہ: فرینڈلی فائرنگ میں اسرائیل کے 5 فوجی ہلاک، 8 زخمی

تل ابیب (ڈیلی اردو) غزہ کے علاقے جبالیہ اور رفح میں حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان خوں ریز لڑائی جاری ہے جس کے دوران فرینڈلی فائرنگ میں 5 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔

روئٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ شمالی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی ٹینک کی فائرنگ سے پانچ فوجی مارے گئے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق فوج نے واقعے کے بارے میں بتایا 202 بٹالین کے ٹینک کی کراس فائرنگ کے نتیجے میں 5 فوجی ہلاک اور کچھ زخمی ہوئے۔

اسرائیلی اخبار ‘ٹائمز آف اسرائیل’ نے جمعرات کو خبر دی ہے کہ اسرائیلی فوج نے 162ویں ڈویژن میں شمولیت کے لیے جنوبی غزہ کی پٹی میں رفح میں ایک اضافی بٹالین فوج بھیجی ہے۔ یہ فوج مشرقی رفح میں جاری اسرائیلی فوجی آپریشن میں حصہ لے گی جو اس ماہ سے وہاں کارروائی کررہی ہے۔

اخبار نے کہا کہ یہ قدم ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب توقع ہے کہ اسرائیلی حکومت رفح پر فوجی حملے کو وسعت دینے پر رضامند ہو جائے گی۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ اس کے پانچ فوجی شمالی غزہ کی پٹی میں مارے گئے ہیں۔

عبرانی اخبار’ یدیعوت احرونوت’ نے فوج کے حوالے سے بتایا کہ گذشتہ روز اسرائیلی اس کے فوجیوں کی فرینڈلی فائرنگ سے کم ے کم پانچ فوجی ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔

فوج کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق جبالیہ کیمپ میں چھاتہ برداروں کے ساتھ کام کرنے والے ایک ٹینک نے ایک عمارت میں حماس کی موجودگی کا سمجھ کر دو گولے فائر کیے جب کہ وہاں اسرائیلی فوجی جمع تھے۔

اسرائیلی اخبار “ہارٹز” نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ پانچ فوجی ٹینک کی فائرنگ سے مارے گئے۔ ان کی موت کے حالات کے بارے میں کوئی اور تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں