پشاور (بیورو رپورٹ) افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں مبینہ ڈرون حملے کے باعث 8 پاکستانی طالبان ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کے جنوبی صوبہ پکتیکا کے ضلع گومل میں گاڑی پر ایک ڈرون حملہ کے نتیجہ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 8 دہشت گرد مارے گئے جن میں گنڈا پور گروپ کے 5 جبکہ محسود ضرار گروپ کے 3 افراد شامل ہیں۔ تاہم طالبان کی جانب سےابھی تک اس بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
ذرائع نے افغان اخبار ”ہشت صبح“ کو بتایا کہ 12 تاریخ بروز ہفتہ صبح 8 بجے گومل ضلع کے تلخ علاقے میں پک اپ گاڑی پر حملہ ہوا۔
واضح رہے کہ افغانستان میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر اس علاقے میں اکثر و بیشتر ڈرون حملے کیے جاتے ہیں جن میں اب تک طالبان سمیت دیگر شدت پسند گروپوں کے جنگجو بڑی تعداد میں مارے جا چکے ہیں۔