روسی ہیکرز کا اسپین کی دفاعی کمپنی پر ’سائبر حملہ‘

روم (ڈیلی اردو/ڈی پی اے/رائٹرز/اے ایف پی) روس کے حامی ایک ہیکر گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اسپین کی دفاعی کمپنی ’جنرل ڈائنمکس‘ کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ کمپنی لیوپارڈ ٹینکوں کی مرمت کر رہی ہے، جو ری کنڈیشنگ کے بعد یوکرین کو دیے جائیں گے۔

روس کے حامی ایک ہیکر گروپ کا دعویٰ ہے کہ ہسپانوی دفاعی فرم سانتا باربرا سسٹمز کے یونٹ ‘جنرل ڈائنمکس‘ کی ویب سائٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس گروپ کے مطابق اس سائبر حملے میں اس دفاعی ادارے کی ویب سائٹ غیر فعال ہو گئی۔

جرمنی میں جنرل ڈائنمکس ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ وہ ویب سائٹ کی بندش کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے البتہ کہا کہ یورپ بھر میں اس کمپنی کے آپریشنز معمول کے مطابق چل رہے ہیں۔

نو نیم نامی ہیکر گروپ نے ٹیلی گرام میسجنگ سروس پر دعویٰ کیا ہے کہ اس نے distributed denial-of-service (DDoS) کی مدد سے جنرل ڈائنمکس کی ویب سائٹ کو سائبر حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ DDoS سائبر حملے میں بہت زیادہ لیکن جعلی انٹرنیٹ ٹریفک ٹارگٹ بنائے جانے والے سَروَرز کی طرف منتقل کر دی جاتی ہے، جس کی وجہ سے وہ آف لائن ہو جاتا ہے۔

روس پر سائبر حملوں کے الزامات

مغربی دفاعی اتحاد نے گزشتہ ماہ ہی کہا تھا کہ مختلف کمپنیوں اور انفراسٹرکچرز پر ہائبرڈ حملوں کی مہم کو تیز کرنے کے پیچھے روس ہے۔ ماسکو حکومت البتہ ایسے الزامات کو ’غلط معلومات‘ قرار دیتے ہوئے ہمیشہ ہی مسترد کرتی آئی ہے۔

سانتا باربرا کمپنی بکتر بند گاڑیوں، لیوپارڈ ٹینکوں، توپخانوں اور دیگر بھاری عسکری سازوسامان کی مرمت وغیرہ کا کام کرتی ہے۔ آج کل یہ کمپنی ہسپانوی آرمی کے استمعال شدہ لیوپارڈ ٹینکوں کی مرمت اور ری کنڈیشنگ کام کر رہی ہے۔ انہیں نیا کرنے کے بعد یہ یوکرین کو دیے جائیں گے اور آخر کار روسی جارحیت کے خلاف استعمال کیے جائیں گے۔

اسپین نے گزشتہ ہفتے ہی یوکرین کو ایک بلین یورو مالیت کے فوجی سازوسامان مہیا کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ مقامی میڈیا کے مطابق میڈرڈ حکومت کییف حکومت کو انیس لیوپارڈ 2A4 ٹینک بھی فراہم کرے گی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں