افغانستان: کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم رکن کنڑ میں ہلاک

پشاور (ڈیلی اردو) کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا اہم رکن افغانستان کے سرحدی ضلع کنڑ میں ہلاک ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی شوریٰ ملاکنڈ کا رکن عبدالمنان عرف حکیم اللہ افغانستان کے ضلع اسد آباد میں ہلاک ہوا، عبدالمنان کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کیا۔

ذرائع کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی اور اس سے منسلک دہشتگرد گروپوں میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کرتے جارہے ہیں، افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کی لڑائی سے دہشتگرد کمانڈرز پر اسرار طور پر مارے جا رہے ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ہلاک دہشت گرد عبدالمنان باجوڑ میں ٹارگٹ کلنگ، بارودی سرنگ کے دھماکوں میں ملوث تھا، اس کے علاوہ ہلاک دہشت گرد چیک پوسٹوں پر فائرنگ اور بھتہ خوری سمیت دیگر سرگرمیوں میں بھی ملوث تھا۔

ذرائع کے مطابق دہشتگرد عبدالمنان ٹی ٹی پی لیڈر عظمت اللہ محسود کا دست راست تھا، عبدالمنان باجوڑ میں دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں کلیدی کردار ادا کرتا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگرد عبدالمنان نے 2007 میں ٹی ٹی پی میں شمولیت اختیار کی تھی، عبدالمنان نے سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد کارروائیوں میں حصہ لیا، دہشت گرد عبدالمنان کے بھائی طارق عرف اسد کا تعلق بھی کالعدم ٹی ٹی پی سے ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے والی تنظیموں میں ٹی ٹی پی سرفہرست ہے، پاکستانی دہشتگردوں کی آماجگاہیں افغانستان کے علاقے کنڑ، نورستان، پکتیکا، خوست و دیگر علاقوں میں ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں