اسرائیل کے شاپنگ مال میں چاقو سے حملے میں ایک شخص ہلاک، دوسرا زخمی، حملہ آور مارا گیا

یروشلم (ڈیلی اردو/ڈی پی اے/ رائٹرز) اسرائیل کے ایک شاپنگ مال میں بدھ کے روز کیے گئے ایک چاقو حملے میں ایک شخص ہلاک اور ایک دوسرے کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ اسرائیلی پولیس اور طبی عملے کے مطابق حملہ آور کو بھی گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

آج بدھ کے روز یروشلم سے نیوز ایجنسی رائٹرز نے بتایا ایک مال میں ایک حملہ آور نے چاقو سے وار کر کے ایک شخص کو ہلاک کر دیا جبکہ اسی حملے میں ایک شخص زخمی بھی ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ ایک دہشت گردانہ حملہ تھا۔

طبی ماہرین کے مطابق ہسپتال منتقل کیے جانے والے دو زخمیوں میں سے ایک راستے میں ہی دم توڑ چکا تھا۔ دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ حملہ آور کو موقع پر ہی گولی مار دی گئی تھی۔

اس حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے دونوں افراد کی عمریں 20 اور 30 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ اس حملے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی، جس میں شاپنگ مال کے فرش پر دو آدمیوں کو بے حرکت پڑے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا اور آس پاس موجود لوگ انہیں فوری طبی امداد دینے کی کوشش میں تھے۔

فوری طور پر کسی نے بھی اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں