افغانستان دہشتگردی کیخلاف مؤثر اقدامات کرے، پاکستانی وزیراعظم

آستانہ (ڈیلی اردو) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ’خطے کے روشن مستقبل کے لیے ہمیں جغرافیائی، سیاسی محاذ آرائی سے خود کو آزاد کرنا ہوگا۔‘

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ مملکت کی کونسل کے آستانہ میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے ترقی وخوشحالی کی منزل کے حصول کی جانب گامزن ہیں۔

پی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انھوں نے تجویز دی کہ ایس سی او ترقیاتی منصوبوں کے لیے متبادل فنڈنگ کا طریقہ کاروضع کرے۔ ہمارے چیلنجزمشترکہ ہیں،ہمیں مل کر ترقی وخوشحالی کے لیے کام کرنا ہے۔

دہشت گردی کوخطے کا مشترکہ چیلنج قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن ہمارا مشترکہ ہدف ہے۔۔ افغان عبوری حکومت کے ساتھ بامعنی بات چیت کرنا ہوگی تاکہ وہاں کے عوام کے مسائل حل ہوں۔

’افغانستان دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات کرے تاکہ اس کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہو۔‘

انھوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادیں تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لیے موجود ہیں ان پر عملدر آمد یقینی بنانا ہوگا۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آئندہ سال کے لیے صدرشی چن پنگ کو ایس سی او کی چیئرمین شپ پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ایس سی او خطے کے عوام کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں