پاکستان بھر میں 9 محرم کے جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر

اسلام آباد (ڈیلی اردو) حضرت امام حسین علیہ اسلام اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں 9 محرم الحرام آج پاکستان بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا، نو محرم کے جلوس ملک بھر میں پر امن طور پر اختتام پذیر ہوگئے۔تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مجالس کا انعقاد کیا گیا جبکہ بعض شہروں میں تعزیہ اور عالم کے جلوس بھی نکالے گئے

کراچی: 9 محرم کا جلوس مقررہ منزل کی جانب رواں دواں

کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس مجلس کے انعقاد کے بعد نشتر پارک سے برآمد ہو گیا۔

مجلس میں علامہ شہنشاہ نقوی نے نواسۂ رسولؐ حضرت امامِ حسین رضی اللّٰہ عنہ کی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔

جلوس کے شرکاء نے نمائش چورنگی پر واقع مسجد علی رضا کے سامنے نمازِ ظہرین ادا کی۔

جلوس کی طرف آنے والی سڑکیں اور گلیاں بند کر دی گئی ہیں جبکہ ایم اے جناح روڈ جزوی طور پر کھلا ہوا ہے، پولیس اور رینجرز جلوس کے روٹ پر موجود ہیں۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلوس کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، بلند عمارتوں پر پولیس اور رینجرز کی نفری اور اسنائپر تعینات ہیں۔

کراچی میں 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی

محکمۂ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی سے خواتین، بچے، صحافی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار مستثنیٰ ہوں گے۔

محکمۂ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ اسلحے کی نمائش، ہیلی کیم اور ڈرون اڑانے پر بھی پابندی عائد ہے۔

اسلام آباد: جلوس امام بارگاہ اثناء عشری سے برآمد

اسلام آباد میں 9 محرم کا جلوس امام بارگاہ اثناء عشری سیکٹر جی 6 سے برآمد ہو گیا۔

جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ اثناء عشری پر ہی اختتام پزیر ہو گا۔

اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ جلوس کی نگرانی ڈرون اور سیف سٹی کیمروں سے کی جا رہی ہے، جلوس کے روٹ کو خاردار تاروں سے بند کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شرکاء جلوس کو صرف مخصوص راستوں سے داخلے کی اجازت ہے، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ جلوس کے روٹ سے دور رکھی گئی ہے۔

سید علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ جلوس میں داخل ہونے والوں کو میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے چیک کیا جا رہا ہے، تمام ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز جلوس کی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے رہیں گے، جلوس کے راستے میں نجی ڈرون اڑانے پر پابندی ہے۔

لاہور: 9 محرم کا جلوس برآمد

لاہور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہو گیا۔

مرکزی جلوس اپنے روایتی راستے ہوتا ہوا اسلام پورہ پانڈو اسٹریٹب واپس پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور میں 378 مجالس اور 79 عزاداری جلوسوں کو سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

سی سی پی او لاہور نے کہا ہے کہ مجالس اور جلوسوں کے شرکاء کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

پنجاب: عزاداروں کیلئے سبیلوں اور کھانے کا اہتمام

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں عزاداروں کے لیے سبیلوں اور کھانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

مریم نواز کی ہدایت پر عزاداروں اور جلوس میں شریک عوام کے لیے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

پنجاب: عاشورہ پر حفاظتی انتظامات کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال

محکمۂ داخلہ پنجاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عاشورہ پر حفاظتی انتظامات کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے، پنجاب میں عاشورہ کے جلوس کی مانیٹرنگ کے لیے 7490 جدید کیمرے نصب کیے گئے ہیں، لاہور ڈویژن میں عاشورہ کی مانیٹرنگ کے لیے 2067 کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

پشاور: 9 محرم کا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال پر اختتام پذیر

پشاور میں 9 محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر پر اختتام پذیر ہو گیا۔

جلوس فخرعالم روڈ، کالی باڑی، چوک فوارہ سمیت روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ پر ختم ہوا۔

جلوس کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے جبکہ جلوس کے تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا تھا۔

کوئٹہ: 9 محرم کا جلوس میگانگی روڈ سے برآمد

کوئٹہ میں 9 محرم الحرام کا جلوس میگانگی روڈ سے برآمد ہوا۔

شہر میں 9 محرم الحرام کے جلوس کی سیکیورٹی کے پیش نظر روٹ اور اطراف میں دکانیں بند کر دی گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 2000 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور شہر میں دفعہ 144 کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے۔

کوئٹہ میں 9 محرم الحرام کے موقع پر موبائل فون سروس معطل ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان: نویں محرم کا مرکزی جلوس برآمد

ڈی آئی خان میں نویں محرم الحرام کی مناسبت سے مرکزی جلوس امام بارگاہ بمو شاہ سے 9 بجے برآمد ہو گیا، شہر سے آج 4 ماتمی جلوس برآمد کیے جائیں گے۔

پولیس کے مطابق شہر میں موٹر سائیکل چلانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ شہر کے حساس علاقوں کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔

نویں محرم اور یوم عاشور کی مجالس و جلوسوں کی مانیٹرنگ کے لیے دو کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ ساڑھے 8 ہزار پولیس اہلکار حفاظتی اقدامات کے تحت فرائض انجام دے رہے۔

دادو: 62 مجالس اور 55 جلوس برآمد ہوں گے

دادو میں آج 62 مجالس اور 55 ماتمی جلوس برآمد ہوں گے۔

ایس ایس پی کے مطابق ضلع بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، 2 ماتمی جلوس انتہائی حساس جبکہ 16 حساس قرار دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نویں اور دسویں محرم الحرام کے دوران موبائل نیٹ ورک بند رکھا جائے گا۔

سکھر: نو ڈھالہ تعزیہ کو پرسہ دینے کی کوشش، کئی عزادار زخمی

روہڑی میں ساڑھے 500 سالہ قدیمی کربلاء معلی کا نوڈھالہ تعزیہ جلوس منڈو کھبڑ پہنچ گیا، نماز ظہرین کے بعد جلوس دوسرے مرحلے میں دوسری منزل کے لیے برآمد ہو گا۔

سکھر میں نو ڈھالہ تعزیہ کو پرسہ دینے کی کوشش میں کئی عزادار بے ہوش و زخمی ہوگئے۔

زخمیوں اور بے ہوش عزاداروں کو طبی کیمپوں میں طبی امداد دینے کاسلسلہ جاری ہے۔

تعزیے کا جلوس اپنی پہلی منزل منڈو کھبڑ کے مقام پر پہنچ کر قیام کرے گا، پولیس، رینجرز اور اسکاؤٹس کے جوان رضا کارانہ طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

شکارپور میں موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس معطل

پولیس کا کہنا ہے کہ آج شکارپور میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے، امن وامان کی صورتِ حال کو بہتر بنانے کے لیے سروسز معطل کی گئی۔

پولیس نے کہا ہے کہ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس رات 12 بجے تک بند رہیں گی۔

بہاولپور: نویں محرم کا جلوس برآمد

بہاولپور میں نویں محرم کا شبیہ علم و ذوالجناح کا جلوس اوچ شریف میں امام بارگاہ محلہ خواجگان سے برآمد ہو گیا۔

نویں محرم کے عزاداری جلوسوں اور مجالس عزاء کی سیکیورٹی کے لیے 1650 پولیس اہلکار اور 1606 رضا کار تعینات کیے گئے ہیں۔

ڈی پی او اسد سرفراز کا کہنا ہے کہ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے سی سی ٹی وی، ڈرون کیمرے اور جیمرز بھی نصب ہیں۔

پاکپتن: 9 محرم کے 14جلوس و 35 مجالس منعقد ہوں گی

پاکپتن میں 9 ویں محرم کے 14جلوس اور 35 مجالس عزاء منعقد ہوں گی۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ جلوس و مجالس کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں