سعودی اتحادی افواج کا حوثیوں کے 2 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ، 5 افراد زخمی

ریاض (نیوز ڈیسک) عرب اتحادی فورسز نے سعودی عرب کے قریب حوثی باغیوں کے 2 ڈرون طیارے مار گرائے، آپریشن میں 5 افراد زخمی ہوئے۔

عرب میڈیا کے مطابق یمن میں آئینی حکومت کی بحالی اور حوثیوں کی سرکوبی کے لیے سرگرم عرب فوجی اتحاد نے حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط کی طرف بھیجے گئے دو ڈرون طیارے مار گرائے۔

عرب فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ سعودی محکمہ فضائی دفاع نے خمیس مشیط کی طرف اڑائے گئے حوثیوں کے دو ڈرون طیارے فضا میں ہی تباہ کردئیے۔

انہوں نے کہا کہ حوثیوں کے ڈرون طیاروں کو تباہ کرنے کے آپریشن کے نتیجے میں جہازوں کے ٹکڑے آبادی پر آکر گرے جس کے نتیجے میں ایک بچے اور خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوئے، متعدد گھروں اور 4 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

عرب اتحادی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حوثی باغی اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے ڈرون طیاروں، بارود سے لدی کشتیوں اور دیگر ہتھیاروں کا بے دریغ استعمال کررہے ہیں۔

کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ حوثیوں کی یہ تمام کارروائیاں گزشتہ برس دسمبر میں سوئیڈن کی میزبانی میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کی جانب بھیجا گیا ڈرون فضا میں تباہ کردیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوئے تھے

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں