کراچی (نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے بانی چیرمین ذوالفقارعلی بھٹو کی 40 ویں برسی آج ملک بھر میں منائی جارہی ہے جب کہ مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں منعقد کی گئی ہے۔
ذوالفقارعلی بھٹو کی 40 ویں برسی کی مرکزی تقریب لاڑکانہ میں ان کے آبائی گاؤں گڑھی خدا بخش میں ہورہی ہے، جہاں ملک بھر سے پیپلز پارٹی کے رہنما اور جیالوں کی بڑی تعداد ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے موجود ہیں۔ ذوالفقارعلی بھٹو، بے نظیر بھٹو اور مرتضیٰ بھٹو کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے جس کے بعد سہہ پہر کو جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔
سندھ حکومت نے ذوالفقارعلی بھٹو کی برسی کے موقع پر خصوصی انتظامات کررکھے ہیں، صوبے بھر میں سرکاری سطح پر عام تعطیل ہے جب کہ گڑھی خدا بخش میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ علاقے میں 6 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جب کہ مختلف مقامات پر 58 واک تھرو گیٹ اور 88 سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں