10

وزیر اعظم کا وزیر داخلہ، گورنر خیبرپختونخوا کیساتھ مل کر صوبے کا امن و امان یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کا فیصلہ

اسلام آباد (ڈیلی اردو/بی بی سی) پاکستان کے وزیر اعظم نے وفاقی وزیر داخلہ اور گورنر خیبرپختونخوا کے ساتھ مل کر صوبے کا امن و امان یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے گورنر ہاؤس سے جمعرات کی رات جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت قیام امن اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔

انھوں نے وزیراعظم کو یہ بھی بتایا کہ صوبے میں سرکاری ملازمین کے اغوا اور پولیس پر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے لکی مروت، بنوں، ڈی آئی خان اور باجوڑ سمیت متعدد اضلاع میں پولیس اہلکار احتجاج کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت، بنوں اور باجوڑ میں بھی پولیس اہلکاروں کا اپنے ساتھیوں کی ٹارگٹ کلنگ اور مسلح افراد کے حملوں کے خلاف احتجاج کئی روز سے جاری ہے۔

لکی مروت اور باجوڑ میں احتجاج کرنے والے پولیس اہلکاروں کا مطالبہ ہے کہ اُن کے اضلاع میں ’فوج کو محدود کیا جائے اور پولیس کے اختیارات واپس کیے جائیں‘ جبکہ بنوں میں احتجاج کرنے والے اہلکار تحفظ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے وزیراعظم کو مزید بتایا کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے والی پولیس خود عدم تحفظ کا شکار ہو چکی ہے اور امن و امان کی دن بدن بگڑتی صورتحال سے عوام بھی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں