175

پاکستانی خفیہ ایجنسیوں کا شہریوں کو اغوا کرنے کا تاثر قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے، جسٹس بابر ستار

اسلام آباد (ڈیلی اردو) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے اسلام آباد سے لاپتہ فیضان عثمان کی بازیابی کی درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔

عدالت عالیہ نے اسلام آباد کی تمام انٹیلی جنس اور انوسٹی گیشن ایجنسیوں، آئی بی، ایف آئی اے، آئی ایس آئی، ایم آئی کے ڈائریکٹر جنرلز، ایئر اور نیول انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل اور سی ٹی ڈی پنجاب کو کیس میں فریق بنانے کی ہدایت کردی۔

جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی پارٹی بنایا جائے اور وہ اپنا بیان حلفی جمع کرائیں کہ اُن کے دائرہ اختیار سے مسلسل جبری گمشدگیاں کیوں ہو رہی ہیں؟ درخواست گزار فریقین کا ترمیم شدہ میمو جمع کرائیں اور نئے فریقین کو نوٹس جاری کیے جائیں۔

عدالت نے پوچھا کہ انٹیلی جنس اور انوسٹی گیشن ایجنسیاں رپورٹ دیں کہ کیا اُنکو معلومات ہیں کہ کس طرح فیضان کو جبری لاپتہ کیا گیا؟ اپنی انٹیلی جنس معلومات پر بتائیں کہ کیا وہ اغوا کاروں اور استعمال ہونے والی گاڑیوں کی شناخت کر سکتے ہیں؟ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر بتائیں کہ فیضان کو اغوا کے دوران رکھے گئے ٹھکانے کی شناخت کر سکتے ہیں؟

عدالت نے کہا کہ انٹیلی جنس اور انوسٹی گیشن ایجنسیاں خود یا متعلقہ وزارتوں کے ذریعے رپورٹس جمع کرائیں، آئی جی اسلام آباد بھی پی ٹی اے، آئی بی اور سی ٹی ڈی سے معلومات لے کر مجرموں کی شناخت کر کے رپورٹ جمع کرائیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہدایت کی کہ ریاست کی انٹیلی جنس ایجنسیاں قومی سلامتی کی ناگزیر ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں، انٹیلی جنس ایجنسیاں اپنی ڈیوٹی کی نوعیت کے مطابق خفیہ اور رازداری سے کام کرتی ہیں۔

جسٹس بابر ستار نے کہا کہ ایجنسیوں کے کھلے عام شہریوں کے گھروں پر چھاپوں کا تاثر قومی سلامتی اور رول آف لا کے لیے خطرہ ہے، انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں کا شہریوں کو اغوا کرنے کا تاثر بھی قومی سلامتی اور رول آف لا کے لیے خطرہ ہے، ان الزامات کو ایڈریس کرنے کا واحد راستہ شفاف تفتیش کر کے مجرموں کو سزا دینا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم نامے میں کہا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ مغوی واپس آ گیا تو درخواست غیر مؤثر ہو گئی، یہ درخواست صرف بازیابی نہیں بلکہ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت بھی دائر کی گئی ہے، عدالت کے پاس حکومت سمیت کسی اتھارٹی یا شخص کو آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے ڈائریکشن دینے کا اختیار ہے۔

تحریری حکمنامے کے مطابق درخواست گزار نے بھی اغوا کاروں کی شناخت، تفتیش اور کارروائی کی استدعا کر رکھی ہے، آئی جی نے جبری گمشدگی کی تفتیش اور اغواء کاروں کی شناخت کی بجائے عدالت کو پرانے اقدامات دوہرا کر گھمانے کی کوشش کی، آئی جی نے کہا کہ تمام ایجنسیوں سے زبانی پوچھا لیکن سب نے اس سنگین جرم سے انکار کیا۔

تحریری حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ بادی النظر میں پولیس تفتیش میں خامیاں ہیں کیونکہ پولیس نااہل ہے یا خود شریک ہے، درخواست گزار کے مطابق اغواء کاروں نے آئی ایس آئی کے اہلکار ہونے کا دعویٰ کیا، ضروری ہے کہ تمام متعلقہ انٹیلی جنس اور انوسٹی گیشن ایجنسیوں کو فریق بنا کر رپورٹ طلب کی جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کی آئندہ سماعت 17 اکتوبر کو ہو گی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں